• news

دہشت گردوں‘جرائم پیشہ افراد کیخلاف لاہور پولیس جدید ٹیکنالوجی سے ’’لڑے ‘‘ گی

لاہور(نامہ نگار)پولیس نے گلی محلوں میں چھپے دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کوگرفت میں لانے اورمشکوک افراد کی اصلیت بے نقاب کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لے لیا ہے جس کے تحت شہر کے تمام تھانوں میں جرائم پیشہ افراد کے فنگر پرنٹس کا ریکارڈ اکٹھا کرنے کیلئے ایک ماہ کے اند ر ڈیوائسزفراہم کر دی جائیں گی جبکہ لاہور پولیس کو شہر میںسرچ آپریشن کے دوران لوگوں کی تصدیق کے لئے مزید دوگاڑیاں بھی فراہم کی جائیں گی۔ تاحال لاہور پولیس کے پاس نادراکی طرف سے فراہم کردہ ایک گاڑی اور عملہ موجود ہے ۔ ان گاڑیوں میں لگے بائیو میٹرک سسٹم سے شہر میںسرچ آپریشن اور کریک ڈاؤن کے دوران موقع پر شہریوں کے فنگر پرنٹس لیکر بائیو میٹرک سسٹم کے تحت تصدیق کی جائیگی اور بائیومیٹرک سسٹم کے تحت تصدیق نہ ہونے والے افرادو کوحراست میں لیا جائیگا جبکہ اس سسٹم میں لاہور پولیس کی جانب سے کریمینل ڈیٹا بیس بھی فراہم کیا جائیگا ۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ڈاکٹر حیدر اشرف نے بتایاہے کہ موجودہ ملکی حالات کے پیشِ نظرشہر میں امن وامان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے پولیس نے یہ اقدام اُٹھایا ہے تاکہ پورے شہر میں مقیم افراد کا ڈیٹا جلد از جلد اکٹھا کیا جائے اور اس نظام کوگلی محلوں تک پھیلایا جاسکے۔

ای پیپر-دی نیشن