کوئٹہ : گھر میں گیس لیکج سے دھماکہ، ماں2 بچوں سمیت جاں بحق، راکٹ حملہ تھا: اہل علاقہ
کوئٹہ ( صباح نیوز) کوئٹہ کے علاقے مری آباد میں ایک گھر میں گیس لیکج سے دھماکے کے باعث خاتون اور بچوں سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے ، گھر کے باورچی خانہ کے بوسیدہ پائپ سے گزشتہ رات سے ہی گیس لیک ہو رہی تھی ۔ خاتون خانہ نے صبح اٹھ کر بچوں کو سکول بھیجنے کیلئے ناشتہ کی تیاری شروع کی اور جیسے ہی چولہا جلانے کیلئے ماچس جلائی تو زوردار دھماکہ ہوگیا جس سے باورچی خانہ میں آگ لگی گئی اور تینوں افراد جھلس گئے ، انہیں مقامی ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لا کر جاں بحق ہوگئے ، تین افراد کی موت سے گھر میں صف ماتم بچھ گئی اور علاقہ کا ماحول سوگوار ہوگیا ۔ واقعہ کے بعد پولیس اور امدادی کارکنوں نے موقع پر پہنچ کر نعشوں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ گیس لیکج کے باعث پیش آیا ہے جب کہ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ دھماکا نامعلوم سمت سے فائر کئے گئے راکٹ گرنے سے ہوا۔ دھماکے کی مزید نوعیت جاننے کے لئے بم ڈسپوزل سکواڈ نے شواہد اکٹھے کرلئے ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے بعد کمرے کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں نیچے دب کر دو بچے اور ایک خاتون جاں بحق ہوگئے جبکہ اس واقعہ میں تین بچے زخمی بھی ہوئے ہیں۔