مخالف سینٹ امیدوار کی حمایت پر تحریک انصاف کے کارکنوں کا جاوید نسیم کے گھر کے سامنے دھرنا، ہاتھا پائی
پشاور (نوائے وقت رپورٹ + آن لائن) تحریک انصاف کے کارکنوں نے ایم پی اے جاوید نسیم کے گھر کے سامنے دھرنا دیدیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق کارکنوں نے جاوید نسیم کیخلاف نعرے لگائے۔ اس موقع پر جاوید نسیم کے حامیوں اور انصاف سٹوڈنٹس کے کارکنوں کے درمیان ہاتھا پائی میں ہوئی۔ تحریک انصاف کے کارکن پارٹی ایم پی اے جاوید نسیم کی جانب سے مخالف سینٹ امیدوار کی حمایت پر احتجاج کر رہے تھے۔ جاوید نسیم نے بتایا کہ انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے کارکنوں نے میرے گھر کے شیشے توڑ ڈالے۔ صدر انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن نے کہا کہ جاوید نسیم کے حامیوں نے ہاتھاپائی کی۔ اس دوران ہوائی فائرنگ بھی ہوئی جو جاوید نسیم کے حامیوں نے کی۔ جاوید نسیم کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف میں نہیں رہا لیکن اب بھی عمران خان کا سپاہی ہوں۔ سینٹ انتخابات میں ووٹ پی ٹی آئی امیدوار کو ہی دوں گا۔ علاوہ ازیں سینٹ کے انتخابات کے سلسلے میں مخالف امیدوار کی حمایت پر خیبر پی کے اسمبلی کے دو ارکان اسمبلی کو اب تک شوکاز نوٹسز جاری کئے جاچکے ہیں اور انکی بنیادی رکنیت بھی معطل کی جا رہی ہے۔ سینٹ کے انتخابات کے حوالے سے تحریک انصاف کے جاوید نسیم کو آزاد امیدوار کی تائید پر انہیں شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا ہے جبکہ جاوید نسیم کے خلاف پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے بھی رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سینٹ کے انتخابات کے سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کے وجیہہ الزمان کو بھی شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ دونوں امیدواروں کی جانب سے شوکاز نوٹسز کے جوابات اپنے اپنے پارٹیوں کے سربراہوں کو ارسال کر دیئے ہیں۔