سینٹ انتخابات: خیبر پی کے اسمبلی میں اپوزیشن جماعتیں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر متفق نہ ہوئیں
پشاور (این این آئی) خیبر پی کے اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں کا سینٹ انتخابات کیلئے سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اتفاق نہ ہو سکا۔ صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں کا اہم اجلاس اپوزیشن لیڈر مولانا لطف الرحمان کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل افتخار حسین، حاجی محمدعدیل، مسلم لیگ (ن) کے سردار اورنگ زیب، جعفر شاہ، جاوید عباسی، پیپلز پارٹی کے محمد علی، نگہت اورکزئی اور قومی وطن پارٹی کے سکندر شیرپائو نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس بغیر کسی نتیجے کے اختتام پذیر ہوا۔ اپوزیشن جماعتوں کے درمیان سیٹوں کی ایڈجسٹمنٹ پر اختلافات سامنے آ گئے اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا معاملہ حل نہیں ہوا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا لطف الرحمان نے کہا سینٹ انتخابات کیلئے سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر تمام جماعتوں کے تحفظات ہیں کوشش ہے اگلے اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کا اتفاق رائے ہو جائے‘ ابھی سیٹوں کے حوالے سے ڈیڈلاک برقرار ہے۔ جے یو آئی نے دو سیٹوں کا مطالبہ کیا ہے اور اپوزیشن جماعتیں ایک سیٹ دینے پر رضامند ہیں۔ دیگر اپوزیشن جماعتیں بھی سیٹوں کے معاملے پر متفق نہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اے این پی کے افتخار حسین کا کہنا تھا سیٹ ایڈجسٹمنٹ اتنا مشکل کام نہیں کہ حل نہ ہو سکے۔ صرف آئینی تقاضوں سے ہارس ٹریڈنگ کو نہیں روکا جا سکتا، اسے روکنے کیلئے پارٹی ڈسپلن ضروری ہے۔