پاکستان چین اقتصادی راہداری بننے سے خطے میں انقلاب آئے گا: صدر
اسلام آباد (این این آئی) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری پاکستان کی ترقی کیلئے بہت ضروری ہے جس سے نہ صرف پاکستان بلکہ خطے میں انقلاب آئے گا۔ روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہونگے۔ یہ بات صدر نے علم و دانش کے وفد سے سٹیٹ گیسٹ ہاؤس کراچی میں بات چیت کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری کی تعمیر کیلئے پوری قوم یکسو ہو کر کام کرے۔ ملک میں ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ معیشت کی جلد بحالی کا انحصار ان منصوبوں کی فوری تکمیل میں ہے۔ کرپشن کے خاتمے کیلئے ضروری ہے کہ قوم کرپشن اور بدعنوانی کے خلاف جدوجہد کے ساتھ ساتھ کرپٹ عناصر کی حوصلہ شکنی کرے۔ قومی ترقی کا واحد راستہ یہ ہے کہ قومی اداروں کو بدعنوان عناصر سے پاک کر دیا جائے جس سے معیشت کو استحکام ملے گا۔ بدعنوانی کے خاتمے کے لیے قوم حکومت کا ساتھ دے۔ ایسا ماحول پیدا کرے کہ بدعنوان عناصر کی معاشرے میں حوصلہ شکنی ہو۔ کرپشن کے خاتمے کے لیے معاشرے کو مثبت کردار ادا کرنا ہو گا۔ ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ معیشت کی جلد بحالی کا انحصار منصوبوں کی فوری تکمیل پر ہے۔ قوم کرپشن اور بدعنوانی کیخلاف جہاد میں حکومت کا ساتھ دے۔