جاوید نسیم کی پارٹی رکنیت معطل، کوئی مائی کا لال ایسا نہیں کرسکتا: رکن اسمبلی
پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) عمران خان نے اپنے باغی سیاستدان جاوید نسیم کی پارٹی رکنیت معطل کر دی۔ عمران خان نے سپیکر صوبائی اسمبلی کو خط لکھ دیا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ جاوید نسیم کو صوبائی اسمبلی کی رکنیت معطل کی جائے۔ گزشتہ روز تحریک انصاف کی سیکرٹری اطلاعات شیریں مزاری نے بتایا کہ عمران خان نے منحرف رکن اسمبلی جاوید نسیم کو پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر پارٹی سے نکال دیا ہے، جس کا نوٹیفکیشن خیبر پی کے اسمبلی کو بھجوا دیا جس میں انہوں نے سپیکر سے جاوید نسیم کی اسمبلی کی رکنیت معطل کرنے کی سفارش کی ہے۔ علاوہ ازیں رکن خیبر پی کے اسمبلی جاوید نسیم نے کہا ہے کہ میری قانون کی خلاف ورزی کو ثابت کرنا ہو گا۔ کوئی بھی مائی کا لال میری رکنیت کو ختم نہیں کرسکتا۔ پارٹی میں فارورڈ بلاک بن چکا ہے جو جلد سامنے آ جائیگا۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی کرپشن کے ثبوت پیش کروں گا۔ علاوہ جاوید نسیم نے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کیخلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے پشاور میں گلو بٹ پیدا کرلئے ہیں، پی ٹی آئی کے غنڈوں نے گھر پر حملہ کر کے میری والدہ کو بالوں سے کھینچا، کوئی مائی کا لال میری رکنیت معطل نہیں کر سکتا۔ پارٹی سے نکالے جانے کے بعد رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پشاور میں گلوبٹ پیدا کرلئے ہیں، میرے گھر پر حملہ کیا گیا وزیراعلیٰ نے خیبر پی کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کو خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کرائوں گا۔ سرمایہ کاروں کو ٹکٹ دیکر عمران خان نے خود ہارس ٹریڈنگ کی بنیاد رکھی۔جاوید نسیم نے مزید کہا کہ سینٹ الیکشن کے دن ووٹ دینے نہیں جائونگا۔ سادہ آدمی ہوں ضمیر فروش نہیں، ضمیر فروشی کا الزام لگانے والوں کو چیک کیا جائے۔ مجھ پر ایک روپے کا الزام ثابت کردیں اگر میں غلط ہوں تو اللہ مجھے تباہ کرے۔ عمران سے کہا مجھے وزیراعلیٰ بنادیں خیبر پی کے میں پی ٹی آئی کی حکومت کا خاتمہ جلد ہوگا۔