نامعلوم خاتون نے جناح ہسپتال سے نومولود بچہ اغوا کر لیا
لاہور (نامہ نگار) جناح ہسپتال سے نامعلوم خاتون نے 2 روز کا نومولود بچہ اغوا کر لیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔ گوجرانوالہ کے ٹیکسی ڈرائیور عامر کی بیوی کے ہاں 2 روز قبل جناح ہسپتال میں بیٹے کی ولادت ہوئی جسے گذشتہ روز نامعلوم خاتون اغوا کر کے لے گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں میں ایک نامعلوم خاتون کالے رنگ کے کپڑے پہنے منہ لپیٹ کر ایک بچے کو ہسپتال سے باہر لیکر جاتی دکھائی دے رہی ہے۔ بچے کے اغوا ہونے پر ماں کی چیخ و پکار سے ہسپتال میں کہرام مچ گیا جبکہ مغوی کے رشتہ داروں اور والدین کا شدت غم سے برا حال ہے۔ پولیس نے نامعلوم خاتون کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا اور کہا ہے کہ جلد ہی بچے کو تلاش کر لیا جائے گا۔