مفتی سعید کا بیان مضحکہ خیز، آزادی پسندوں کے بارے میں شکوک و شبہات پیدا کرنے کی کوشش ہے: کل جماعتی حریت کانفرنس
سرینگر (اے این این) کل جماعتی حریت کانفرنس نے مفتی محمدسعید کے اس بیان کو مضحکہ خیز قرار دیا ہے جس میں موصوف نے انتخابی ڈرامے کے انعقاد کے لیے حریت، پاکستان اور مجاہدین کی تعریف کرتے کہا کہ انہوں نے الیکشن کیلئے سازگار ماحول بنانے میں تعاون کیا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایاز اکبر نے کہا کہ حریت کانفرنس کا جہاں تک تعلق ہے تو اس کی پوری قیادت اور اس کے سینکڑوں وابستگان الیکشن ڈرامے سے ڈیڑھ مہینہ قبل ہی حراست میں لیکر یا تو جیلوں میں پابندِ سلاسل کردیئے گئے یا انہیں نظربند کردیا گیا تھا۔ لہذا الیکشن ڈرامے میں ان کے کسی رول کا تذکرہ کرنا غیر حقیقت پسندانہ اور غیر منصفانہ ہے اور اس کا سیاست کاری کے سوا کوئی نام نہیں دیا جاسکتا۔ یہ بیان ایسا ہی ہے کہ ایک شخص کے ہاتھ پیر باندھ کر اس کے منہ میں روئی ٹھونسی جائے اور آج مفتی اس کا اس بات کے لیے شکریہ ادا کریں کہ الیکشن ڈرامے کے وقت وہ خاموش بیٹھے تھے اور اس نے انعقاد میں تعاون کیا۔ انہوں نے کہا کہ مفتی نے اسطرح کا بیان دیکر اصل میں آزادی پسندوں کے بارے میں شکوک وشبہات پیدا کرنے کی کوشش کی کہ انہیں درپردہ طور ان کا تعاون حاصل ہے اور وہ ان کو اقتدار میں لانے میں دلچسپی رکھتے تھے۔ ترجمان نے کہا کہ حریت ساڑھے سات لاکھ مسلح افواج کی موجودگی میں اس عمل کو ایک فوجی آپریشن سے زیادہ نہیں سمجھتی اور اس کا دعوی ہے کہ اس کی قیادت اور کارکنوں کو حراست میں نہ لیا جاتا تو عوام کی غالب اکثریت انتخابی عمل سے دور رہتی اور اس کا بائیکاٹ کرتی۔ مفتی سعید کی اس بات کہ ریاستی عوام نے دوقومی نظریہ کو مسترد کرکے بھارت کے ساتھ الحاق کیا ہے کو حریت ترجمان نے ہمالیہ جتنا بڑا جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاست جموں کشمیر کو بھارت نے محض اپنی فوجی طاقت کے ذریعے سے اپنے ساتھ ملاکر رکھا ہے۔