• news

نابینائوں کے مسائل عقل سے محروم لوگ کیا حل کرینگے، حکمرانوں کو وعدوں کی کیا پروا: پرویز الٰہی

لاہور (صباح نیوز) (ق) لیگ کے سینئر مرکزی رہنما پرویزالٰہی نے پنجاب اسمبلی کے باہر سردی کے باوجود دھرنا دینے والے نابینائوں کے مطالبات کی پرزور حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آنکھوں والوں سے وعدے پورے نہ کرنے والوں کو نابینائوں سے کیے گئے اپنے وعدوں کی کیا پروا ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات نہایت افسوسناک ہے کہ پچھلے سال اپنے مطالبات کیلئے سڑکوں پر آنے والے بصارت سے محروم سینکڑوں افراد پر پنجاب کے حکمرانوں کے بدترین تشدد کی عالمی اور قومی سطح پر شدید مذمت کے بعد ان سے جو وعدے کیے گئے تھے وہ ابھی تک پورے نہیں ہوئے اور انہیں ایک بار پھر سڑکوں پر آنے پر مجبور کر دیا گیا۔ پرویزالٰہی نے کہا کہ ہم نے پنجاب میں اپنی حکومت کے دوران معذوروں کو ملازمتوں اور تعلیمی اداروں میں خصوصی کوٹہ سمیت تاریخی سہولتیں دیں۔ انہوں نے کہا کہ آنکھوں سے محروم افراد کے مسائل عقل سے محروم لوگ کیا حل کریں گے، یہی وجہ ہے کہ معذوروں سمیت گوناگوں مسائل سے بدحال عوام حکمرانوں کو سرعام بددعائیں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت بڑے بڑے اشتہارات کے ذریعے سہولتوں کا اعلان کر کے عوام کو متاثر کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے جبکہ عملی طور پر کسی شعبہ میں کچھ نہیں ہو رہا اور نابینائوں کی مثال ہمارے سامنے ہے۔

ای پیپر-دی نیشن