سینٹ قائمہ کمیٹی خزانہ میں سکیورٹیز بل 2015ء ترامیم کیساتھ متفقہ منظور
اسلام آباد(آئی این پی) سینٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ نے سیکیورٹیز بل 2015ء ترامیم کیساتھ متفقہ طور پر منظور کرلیا ، چیئرپرسن نسرین جلیل نے اینٹی منی لانڈرنگ (ترمیمی) بل 2014ء میں مزید ردوبدل کیلئے ممبران قائمہ کمیٹی سے 11مارچ تک تحریری تجاویز مانگ لیں۔ سکیورٹیز بل 2015ء میں لاہور اور اسلام آباد کی سٹاک ایکسچینجوں کو سٹرٹیجک سرمایہ کاری لانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ سینٹ اور قومی اسمبلی سے اس بل کی منظوری کی صورت میں بطور ریگولیٹر سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے اختیارات میں اضافہ ہوجائے گا‘ لاہور و اسلام آباد سٹاک ایکسچینجوں کے ایم ڈیز نے مذکورہ ترمیمی بل کی مخالفت کی جبکہ ممبران قائمہ کمیٹی سردار فتح محمد حسنی اور الیاس بلور نے کہا کہ ایس ای سی پی میں رجسٹرڈ کمپنیاں قواعد و ضوابط کی کھلم کھلا خلاف ورزی کررہی ہیں اور کمیشن اپنے اختیارات استعمال نہیں کرتا۔ سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود نے کہا کہ سکیورٹیز بل منظور کرنے پر قائمہ کمیٹی کے ارکان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔