سعد رفیق کا دورئہ کوئٹہ ناکام، جان جمالی کا بیٹی کو سینٹ الیکشن سے دستبردار کرانے سے انکار
کوئٹہ(بیورو رپورٹ) وزیر اعظم میاں نوازشریف کی خصوصی ہدایت پر وفاقی وزیر ریلوے اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا سینٹ انتخابات کے حوالے سے دورہ کوئٹہ ناکام ہوگیا۔ وفاقی وزیر ریلوے وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر گزشتہ دور روز سے کوئٹہ میں موجو دتھے۔ انہوںنے بلوچستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر نواب ثناء اللہ زہری، شیخ جعفر خان مندوخیل، ق لیگ کے پارلیمانی گروپ، وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر میر حاصل خان بزنجو، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمودخان اچکزئی سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیںکیں اور ان سے سینٹ انتخابات کے حوالے سے بات چیت کی تاہم مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینئر سیاستدان سپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی میر جان محمد جمالی نے واضح طورپر کہہ دیا ہے کہ انہوںنے سینٹ انتخابات کیلئے اپنی بیٹی کے کاغذات نامزد گی پر دستخط کئے ہیں اور وہ کسی صور ت میں کاغذات نامزدگی واپس نہیں لینگے اور نہ ہی انکی صاحبزادی الیکشن سے دستبردار ہونگی۔ انہوںنے واضح کیا کہ مجھے پارٹی کی جانب سے اشاروں میں سمجھا جا یا جا رہاہے اور میں ایوان میں آخری نشستوں بیٹھنے کا عادی ہوں۔ سپیکر بلوچستان صوبائی سمبلی میر جان محمد جمالی جن کا تعلق مسلم لیگ (ن) سے ہے، نے پارٹی کی مرکزی قیادت کے اس فیصلے کو ماننے سے انکار کردیاہے کہ وہ سینٹ انتخابات میں اپنی بیٹی کے کاغذات نامزدگی واپس لینگے جس کے بعد بلوچستان مسلم لیگ (ن)کے مابین سینٹ انتخابات کے موقع پر اختلافات کھل کر سامنے آگئے ہیں اور اگر یہ اختلافات ختم نہ کئے گئے تو بلوچستان سے سینٹ کے انتخابات کے موقع پر نتائج غیر متوقع ہونگے جس کا اثر مری معاہدے پر بھی پڑ سکتاہے اوریہ معاہدہ اس سا ل کے آخرمیں ختم ہوگا اور معاہدے کے تحت دوسری حکومت مسلم لیگ (ن) بنائیگی ۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان میں مثبت جمہوریت کو پروان چڑھانے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو ملکر ہارس ٹریڈنگ کا راستہ روکنا ہوگاحکومت پر ہارس ٹریڈنگ کا الزام لگانے والی جماعتوں نے خود آزاد اراکین کو سینٹ انتخابات میں تجویز اور تائید کیا ہے اس لئے ان سیاسی جماعتوں کو چاہئے کہ وہ جن اراکین اسمبلی نے آزاد امیدواروں کی تائید اور تجویز کی ہے انکی رکنیت ختم کرکے پارٹی سے نکالیں تاکہ ایک مثال قائم ہو۔ سعد رفیق نے کہاہے کہ بلوچستان میں سینٹ انتخابات کے دوران اپوزیشن کا حکومتی اتحاد پر ہارس ٹریڈ نگ کا الزام حقائق پر مبنی نہیں ہے ہماری جماعت تو اس کوشش میں ہے کہ سب کو ساتھ لے کر اس کا راستہ روکیں۔