• news

واپڈا کی مجوزہ نجکاری،لاہور سمیت کئی شہروں میں ملازمین کی ہڑتال، مظاہرے جاری

لاہور (نامہ نگاران+ نامہ نگار خصوصی + کامرس رپورٹر(نامہ نگار خصوصی+ نامہ نگاران+ نمائندہ نوائے وقت) واپڈا کی مجوزہ نجکاری کے خلاف لاہور سمیت کئی شہروں میں ملازمین کی ہڑتال، مظاہرے جاری ہیں۔ لیسکو اور واپڈا کی طرف سے ملازمین کی ہڑتال کے باعث دوسرے روز بھی بجلی کے دفاتر میں کام ڈھپ ہو کر رہ گیا۔ عملے کی ہڑتال کے باعث شہر میں مختلف علاقوں میں بجلی خراب ہونے کے باوجود ٹھیک نہ ہوسکی جس کے باعث شہری خوار ہوگئے ۔ لیسکو اور واپڈا کے ملازمین کی آئے روز ہڑتالوں کے باعث شہر میں بجلی کا مرمتی اور بحالی کا کام ٹھپ ہوگیا۔ صارفین کا کہنا ہے کہ لیسکو کے کرپٹ عملے کی وجہ سے آج لیسکو زبوں حالی کا شکار ہے ۔ نجکاری کے خلاف سب ڈویژن واپڈا مانگا منڈی کے ملازمین نے دفتر کو تالے لگائے۔ واپڈا کی نجکاری ملازمین اور ملک و قوم کے مفاد میں نہیں گیپکو ایک منافع بخش ادارہ ہے جبکہ واپڈا پاکستان کی فیڈریشن کی علامت ہے جس کی نجکاری سے نہ صرف واپڈا کے ایک لاکھ چالیس ہزار ملازمین کے مفادات کو نقسان پہنچے گا بلکہ اس سے صارفین کو بجلی بھی مہنگی ملے گی ،ان خیالات کا اظہار واپڈا ہائیڈرو الیکڑک کے راہنمائوں اقبال ڈار، ولی الرحمن ،میاں عطالرحمن ریجنل سٹور گیپکو شاہین آباد کے چیئرمین رانا ساجد جاوید ،شوکت حسین،حاجی محمد افضل،مظہر اقبال گلزار احمد اور دیگر مقررین نے گیپکو آفس گوجرانوالہ کے سامنے دئے گئے دھرنے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مقررین نے کہا واپڈا کی نجکاری ملازمین اور ملک و قوم کے مفاد میں نہیں۔حافظ آباد میں واپڈا ملازمین نے نجکاری کے خلاف دوسرے روز بھی دفاتر کی مکمل تالہ بندی کرتے ہڑتال کی اور بعد ازاں احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ایکسین واپڈا حاجی محمد صفدر، واپڈہ ہائیڈروالیکٹرک ورکرز یونین کے زونل سیکریٹری عبد الرزاق مغل، ڈویژنل چیئرمین ملک شفقت اور دیگر راہنمائوں ڈاکٹر نسیم، ملک محمد زمان فلک شیر اعوان ، رانا ذوالفقار علی ، ڈاکٹر اعجاز اور حافظ محمد سلیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا اگر حکومت نجکاری سے باز نہ آئی تو پہلے مرحلہ میں بلنگ اور دوسرے مرحلہ میںپورے ملک کی بجلی بند کردینگے۔ علاوہ ازیں شیخوپورہ سے نامہ نگارخصوصی کے مطابق آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکر یونین (سی بی اے) شیخوپورہ نے واپڈا کی نج کاری کیخلاف تالہ بندی کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکومت کیخلاف واپڈا کمپلیکس سے خادم حسین روڈ چوک تک ریلی نکالی، قیادت سرکل چیئرمین چودھری یونس کمبوہ، رورل چیئرمین سید واجد بخاری، سٹی چیئرمین مرزا اشرف، زونل وائس چیئرمین چودھری محمد اقبال گجر، انور جاوید، رانا شفیق، وارث شاہ سب ڈویژن ورکر یونین کے چیئرمین زاہد شریف بھٹی، جنرل سیکرٹری فہد مغل، وائس چیئرمین لالہ مشتاق کمبوہ، اطہر حسین شاہ، اللہ دتہ بھٹی، حافظ وقار، شہزاد خان ودیگر نے کی۔ ریلی بہت بڑے جلسہ کی شکل اختیار کر گئی جس سے خطاب کرتے یونس کمبوہ، سید واجد بخاری، زاہد شریف بھٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا ملازمین حکومت کو کسی صورت بھی محکمہ واپڈا کی نجکاری نہیں کرنے دینگے۔ شریف برادران محکمہ واپڈا کو بھی اپنے کسی منظور نظر کو فروخت کرنا چاہتے ہیں، نج کاری ہونے سے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا جس کا بوجھ عوام پر مزید بڑھے گا۔ نجکاری سے گھریلو صارفین پر مزید بوجھ پڑیگا اگر حکومت نے اپنے فیصلہ کو واپس نہ لیا تو ملازمین مرکزی قیادت کے حکم سے بجلی کسی سپلائی بند کر دیگی۔ پانچ گھنٹے کی علامتی بھوک ہڑتال بھی کی گئی۔ ملازمین نے حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق ڈویژنل چیئرمین ملک محمد لطیف کی قیادت میں واپڈا نجکاری اور لوڈشیڈنگ کے خلاف سب ڈویژن سٹی نارنگ اور دیہی کے واپڈاکے تمام دفاتر دوسرے روز بھی بند رہے، ہزاروں صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ سینکڑوں واپڈا ملازمین نے گلے میں روٹیاں ڈال کر دفاتر کی تالہ بندی کر کے حکومت کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مشتعل مظاہرین نے وزیراعظم نواز شریف کا پتلا بھی جلایا۔ مقررین میاں اظہر اقبال میاں افضال امتیازاحمد بٹ میاںصدف محمودملک محمد یاسین ملک افتخار محمد ندیم وڑائچ اورنگ زیب مولوی مقصود نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا ہے وہ عوامی مفاد میں نجکاری رکوائیں۔ حکومت ہوش کے ناخن لے۔ ہم تین روزتک تالہ بندی کرکے احتجاج جاری رکھیں گے۔ مظاہرین نے اس عزم کا اظہار کیا وہ اپنی جانیں دے دیںگے لیکن واپڈاکی نجکاری نہیں ہونے دیںگے۔ خانقاہ ڈوگراں میں بھی تالا بندی جاری۔ یونین سب ڈویژن خانقاہ ڈوگراں کی طرف سے دفتر کی تالابندی دوسرے روز بھی جاری ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے لوڈشیڈنگ سے عوم پہلے ہی پریشان ہیں۔ دوسری طرف یونین کا کہنا ہے واپڈا کی نجکاری ہمیں کسی صورت قبول نہیں ہے۔ جب تک ہمارے جائز مطالبات قبول لنہیں کر لئے جاتے ہم اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن