آئی جی کنٹرول روم کے کانسٹیبل آپریٹر نے کاروباری نقصان پر خودکشی کرلی
لاہور+قصور( نامہ نگار + نمائندہ نوائے وقت) لاہور کے علاقے نواں کوٹ میں آئی جی کنٹرول روم کے 32 سالہ آپریٹر کانسٹیبل نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کرلی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ نواں کوٹ کے علاقہ نیک کالونی کا رہائشی دو بچیوں کا باپ کانسٹیبل سہیل نواں کوٹ کنٹرول روم میں ڈیوٹی کرتا تھا۔ گزشتہ روز اس نے زہریلی گولیاں کھا لیں اور ہسپتال جاکر دم توڑ دیا۔ پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار پر ورثاء کے حوالے کر دی۔ کانسٹیبل سہیل 15سال سے محکمہ پولیس میں ملازم تھا۔ اس کے بھائی نے بتایا کہ سہیل نے اعوان ٹاؤن میں ایک دوست کے ساتھ مل کر انٹرنیٹ کیبل کا کاروبار کیا۔ سہیل کو کچھ ماہ تک تو کافی منافع ملتا رہا مگر بعد میں اس کے پارٹنر نے نقصان بتانا شروع کر دیا جس وجہ سے سہیل لاکھوں روپے کا مقروض ہو چکا تھا۔ قصور کینواحی گائوں بگھے ہٹھاڑ میں شادی شدہ خاتون نے گھریلو ناچاقی پر خودکشی کر لی۔ مقامی پولیس نے کارروائی کر کے نعش ورثا کے حوالے کر دی۔ نجمہ بی بی نے اپنے گھریلو حالات کی بناء پر گندم میں رکھنے والی گولیاں کھا لیں، اسے مقامی ہسپتال لیجایا گیا جہاں ڈاکٹروں کی کوشش کی باوجود جانبر نہ ہو سکی ۔ علاوہ ازیں علی احمد شاہ کالونی میں والدین کی ڈانٹ ڈپٹ سے دلبرداشتہ جواں سالہ بیٹے نے اپنے آپ کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ قندیل احمد کا والدین سے گھریلو تنازعہ چلا آرہا تھا۔ گزشتہ روز اس کے والد سلیم نے اس کو ڈانٹا جس پر والد کے پستول سے خود کو گولی مارلی۔