• news

لاکھوں کے ڈاکے، شہری زخمی، ہربنس پورہ بنک میں چوری پر ڈی ایس پی، ایس ایچ او معطل

لاہور (نامہ نگار+ خصوصی رپورٹر) لاہور میں لاکھوں کے ڈاکے، مزاحمت پر فائرنگ کر کے شہری زخمی کر دیا جبکہ بینک میں چوری پر ڈی ایس پی، ایس ایچ کو معطل کر دیا گیا۔ گجرپورہ کے علاقہ میں واقع عمیر طارق کی فیکٹری میں مسلح ڈاکوﺅں نے گھس کر سکیورٹی گارڈ کو یر غمال بنا کر 35 لاکھ روپے کی کاپر تاریں اور نقدی لوٹ لی۔ نولکھا میں ڈاکوﺅں نے حیدر کے گھر گھس کر اہل خانہ کو یر غمال بنا کر 5لاکھ 20ہزار روپے کی نقدی، زیورات اور گھریلو سامان لوٹ لیا۔ گلبرگ میں ڈاکوﺅں نے کار سوار وسیم اور اس کی فیملی سے 6 لاکھ روپے کی گاڑی چھین لی اور فرار ہو گئے ۔شالیمار میں ڈاکوﺅں نے عمر فاروق اور اس کی فیملی سے 3لاکھ 50ہزار روپے کی نقدی و زیورات، سبزہ زار میں خاتون اور اس کی بیٹی سے 3 لاکھ روپے کی نقدی، زیورات اور موبائل، ڈیفنس اے میں ڈاکوﺅں نے یعقوب سے 1لاکھ روپے کی نقدی، نواب ٹاﺅن میں ڈاکوﺅں نے غلام نبی سے 90 ہزار روپے کی نقدی و موبائل، ہربنس پورہ میں ڈاکوﺅں نے ندیم سے 73 ہزار روپے مالیت کی نقدی و موبائل، اقبال ٹاﺅن میں عاصم سے 40ہزار روپے کی نقدی و موٹر سائیکل، فیصل ٹاﺅن میں ڈاکوﺅں نے فرخ سے 10ہزار روپے کی نقدی و موبائل، گرین ٹاﺅن میں خالق سے 12ہزار روپے کی نقدی وموبائل، گارڈن ٹاﺅن میں ڈاکوﺅں نے عبدالرشید سے 30 ہزار روپے کی نقدی وموبائل چھین لیا چوروں نے لیاقت آباد میں سے شایان، قلعہ گجر سنگھ میں الطاف کی موٹر سائیکلیں جبکہ کاہنہ میں سے جاوید، مصطفیٰ ٹاﺅن میں نذیر اور نشتر کالونی میں سے ارشد کی گاڑیاں چوری کر لیں۔ علاوہ ازیں ہربنس پورہ کے علاقے میں چور نجی بینک کی دیوار توڑ کر 2 رائفلیں ایک پستول اور ایک لاکھ روپے نقدی لے گئے۔ بینک کا آلارم سسٹم بند، سی سی ٹی وی کیمرے کے آگے شرٹ کا آنا اور سکیورٹی گارڈ کے غائب ہونے پر بہت سے سوالات نے جنم لےا ہے۔ پولیس نے بینک منیجر اور سکیورٹی گارڈ کو حراست میں لے لیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے بینک میں واردات ہونے کا نوٹس لیتے ایس ایچ او اور ڈی ایس پی کو معطل کر دیا ہے۔ ہربنس پورہ کے علاقے میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب چور ایک نجی بینک کی دیوار توڑ کر بینک کے اندر داخل ہو گیا اور ایک گھنٹہ بینک کے اندر موجود رہا۔ چور نے اے ٹی ایم مشین توڑنے کی کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہ ہو سکا، بینک سے سکیورٹی گارڈ کی 2 رائفلیں ، پستول اور ایک لاکھ نقدی لیکر آسانی سے بینک سے چلا گیا۔ میڈیا اور بینک ملازمین کی آپس میں تلخ کلامی ہوئی اور بینک ملازمین نے نجی ٹی وی کے کیمرے مین کا کیمرے توڑنے کی دھمکی بھی دی جس پر پولیس نے بینک کے منیجر اور سکیورٹی گارڈ کو حراست میں لے لیا ہے جہاں ان سے تفتیش جاری ہے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اس واردات کا نوٹس لےکر ایس ایچ او ہربنس پورہ را حیل امجد اور ڈی ایس پی قیصر مشتاق کو معطل کر دیا ہے جبکہ معطل ایس ایچ او کا کہنا ہے کیش چوری نہیں ہوا ہے بینک انتظامیہ نے ہمارے ساتھ تعاون نہیں کیا ہے۔ پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔ فیروزوالا سے نامہ نگار کے مطابق لاہور روڈ پر کوٹ عبدالمالک کے قریب ڈاکوﺅں نے گن پوائنٹ پر باپ بیٹے سمیت متعدد افراد کو لوٹ لیا۔ نقدی، موبائل اور گاڑی چھین کر لے گئے۔ قصبہ شرقپور خورد میں ڈاکوﺅں نے شہری محمد اکرم سے 72 ہزار کی رقم اور موبائل کوٹ عبدالمالک کے قریب ڈاکوﺅں نے مقبول احمد اور اسکے بیٹے بلال کو روک کر لوٹ لیا۔ جی ٹی روڈ پر ڈاکوﺅں نے گن پوائنٹ پر دو افراد سے دو موٹر سائیکلیں چھین لیں۔

ای پیپر-دی نیشن