• news

وزیراعلیٰ ٹاسک فورس کا فیصل آباد میں چھاپہ‘ جعلی ادویات کی بڑی کھیپ پکڑ لی

لاہور (کامرس رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت پر جعلی وغیر معیاری ادویات کی روک تھام کے لئے حالیہ قائم کردہ خصوصی ٹاسک فورس نے فیصل آبادمیں پہلا کامیاب چھاپہ مار کر میڈیسن مارکیٹ چنیوٹ بازار سے لاکھوں روپے مالیت کی جعلی وغیر معیاری ادویات کی بڑی کھپت پکڑ لی اورموقع سے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔ چیئرمین ٹاسک فورس خواجہ عمران نذیر نے لاہور سے محکمہ صحت کی ٹیم کے ہمراہ چنیوٹ بازار کی میڈیسن مارکیٹ میں اچانک چھاپہ مارا تو وہاں بڑی مقدار میں جان بچانے والی ادویات کی نقل اوردیگر بیماریوں کی جعلی ادویات وجنسی ادویات فروخت ہورہی تھیں خواجہ عمران نذیر نے بتایا کہ انہوں نے لاہور میں جعلی ادویات کی سپلائی کا خفیہ طریقے سے سراغ لگایا تو معلوم ہوا کہ بعض جعلی ادویات فیصل آباد سے سپلائی ہورہی ہیں جن میں حمل ضائع کرنے سمیت دیگر بیماریوں کے علاج کے لئے جعلی ادویات شامل ہیں ۔ موقع سے عبدالحسیب نامی سیل مین کو گرفتارکرلیا۔بعدازاں چھاپہ مار کر یہاں سے شاہین اورذوالفقار نامی ملزمان کوپکڑا اورمارکیٹ میں جعلی ادویات کی فروخت کی دکانوں اوربالائی منزل پر واقع سٹورز سے بڑی تعداد میں جعلی ادویات قبضہ میں لی گئی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن