• news

قومی ٹیم آکلینڈ پہنچ گئی، آج پریکٹس ہوگی، یونس، سرفراز کو شامل کیا جائے: عامر نذیر ، نوید الحسن، اعزاز چیمہ

لاہور (نمائندہ سپورٹس) قومی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کے خلاف اہم میچ کیلئے آکلینڈ پہنچ گئی۔ورلڈ کپ کے چوتھے میچ میں متحدہ عرب امارات کوشکست دینے کے بعد قومی شاہین بلند حوصلوں کے ساتھ نیپئرسے آکلینڈ پہنچ گئے ہیں۔ سفری پلان میں تبدیلی کے باعث قومی ٹیم شام کے وقت آکلینڈ پہنچی، جس کی وجہ سے شیڈول ٹریننگ سیشن منسوخ کردیا گیا۔ کھلاڑی اب آج ایڈن پارک میں پریکٹس کریں گے۔قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بائولر عامر نذیر نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کیخلاف قومی ٹیم میں تبدیلیاں کی جائیں ۔ سینئر بلے باز یونس خان کو کھلانا چایئے ۔ وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد اگر فٹ ہیں تو ان کو ناصر جمشید کی جگہ کھلایا جائے ۔ اگر سرفراز سے اوپننگ نہیں کرانی تو حارث سہیل کو اوپنر کھلایا جائے اور ٹیم میں سرفراز کو شامل کر کے مڈل آرڈر میں چانس دیا جائے ۔ جب وقت گزر جائے گا تو پھر پچھتانے پڑے گا۔محمد عرفان جنوبی افریقہ کے خلاف ٹرمپ کارڈ ثابت ہونگے۔ آل رائونڈر رانا نوید الحسن نے کہا کہ اگر حفاظتی اقدامات کے تحت محمد عرفان کو متحدہ امارات کے خلاف آرام کرایا گیا ہے تو اچھا فیصلہ ہے ۔ انہوں نے ٹیم میں تبدیلی پر زور دیا اور سینئر بلے باز یونس خان کو کھلانے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ یونس خان کسی بھی وقت کچھ کر سکتے ہیں ۔ فاسٹ بائولر اعزاز چیمہ نے کہا کہ دو کامیابیوں کے بعد کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں اور جنوبی افریقہ کے خلاف حارث سہیل کو اوپنر کھلاکر سرفراز احمدکو ٹیم میں شامل کیا جائے ۔ یونس خان کو ون ڈائون پوزیشن پر موقع دیا جائے ۔ بیٹنگ لائن مضبوط ہوگی ۔

ای پیپر-دی نیشن