• news

سینٹ الیکشن کے نام پر تماشا ہوا آرڈیننس نے پارلیمنٹ کی اصلیت ظاہر کر دی: طاہر القادری

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ سینٹ الیکشن کے نام پر پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی منڈی لگی اور تماشا ہوا۔ سینٹ الیکشن سے ایک روز قبل رات کے اندھیرے میں جاری ہونے والے صدارتی آرڈیننس نے پارلیمنٹ کی اہمیت اور اصلیت ظاہر کر دی۔ الیکشن کمشن کا کہیں وجود نظر نہیں آیا، ارکان اسمبلی کو پنجروں میں بند کر کے پولنگ بوتھ تک لایا گیا۔ وزیراعظم نے ارکان اسمبلی کو 3,3 کروڑ روپے کی رشوت دی، ایک ہفتہ کھانے کھلائے اور الیکشن اپنے نام کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی پارلیمنٹ اور ایسی سینٹ کی قانون سازی کی کیا اخلاقی حیثیت ہو گی؟ جعلی جمہوریت اور جعلی الیکشنوں سے غریب عوام کے کبھی حالات نہیں بدلیں گے۔ پاکستان کی تاریخ کے فراڈ اور نامکمل سینٹ الیکشن کروانے کا ریکارڈ بھی موجودہ حکمرانوں نے اپنے نام کر لیا۔ خرید و فروخت کے حوالے سے اپنی پوزیشن بہتر کرنے کیلئے فاٹا کے الیکشن کو سٹاپ لگوایا گیا۔ مرکزی میڈیا سیل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ کہا کہ حالیہ سینٹ الیکشن کے بعد عوام کا اس جعلی جمہوری نظام سے بچا کھچا اعتماد بھی اٹھ گیا، ایک بار پھر ثابت ہو گیا پیسہ طاقتور اور ادارے کمزور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے اپنے فائدے کیلئے صدارتی آرڈیننس جاری کروانے کیلئے سینٹ اور قومی اسمبلی کے جاری اجلاس ختم کر دئیے اور آرڈیننس جاری کرنے کے بعد دوبارہ بلا لیے اور خزانے پر کروڑوں روپے کا اضافی بوجھ ڈال دیا۔ جب تک فاٹا کے الیکشن نہیں ہونگے تب تک سینٹ کا ایوان مکمل نہیں ہو گا نہ ہی سینٹ کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا الیکشن ہو سکے گا۔

ای پیپر-دی نیشن