کراچی: گینگ وار کے 3 ملزم ہلاک، گولیوں سے چھلنی 2 نعشیں برآمد
کراچی (نیوز ایجنسیاں + وقت نیوز) کراچی کے علاقے بلوچ پاڑہ میں رینجرز سے فائرنگ کے تبادلے میں گینگ وار کے 3 ملزم ہلاک ہوگئے جبکہ اس دوران 2 رینجرز اہلکار بھی شدید زخمی ہوگئے جبکہ کورنگی کے علاقے سے 2 افراد کی گولیوں سے چھلنی نعشیں برآمد ہوئی ہیں۔ ترجمان رینجرز کے مطابق جمعرات کے روز کراچی کے علاقے بلوچ پاڑہ میں چھاپہ مارا گیا تو ملزموں نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے بعد رینجرز کی جوابی کارروائی میں 3 مارے گئے جبکہ اس دوران فائرنگ سے 2 اہلکار بھی شدید زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں لیاری گینگ وار عزیر بلوچ گروپ کا انتہائی اہم کمانڈر اورنگزیب عرف اورنگ اور اس کے ساتھی شامل ہیں جوکہ دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔ ادھر لانڈھی میں پولیس نے 15 لاکھ روپے تاوان کیلئے اغوا کئے گئے شہری عبدالصمد کو بازیاب کراتے ہوئے اغوا کار سلطان نامی شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ دوسری طرف لانڈھی کے علاقہ لیبر سکوائر میں بس اڈے پر کھڑی ایک بس میں شارٹ سرکٹ سے لگنے والی آگ کی زد میں آ کر دیگر 3 بسیں بھی جل کر خاکستر ہو گئیں۔ واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ علاوہ ازیں کورنگی کے علاقہ اللہ والہ ٹائون میں نامعلوم ملزمان 2 افراد کی نعشیں پھینک کر فرار ہو گئے۔ مقتولین کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔ دریں اثنا لانڈھی کے علاقہ لیبر سکوائر کے بس اڈے پر کھڑی ایک بس میں شارٹ سرکٹ کے باعث اچانک آگ بھڑک اٹھی جس سے بس کا سلنڈر پھٹ گیا اور آگ نے وہاں موجود دیگر 3 بسوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، پولیس کے مطابق واقعہ تخریب کاری کا نتیجہ نہیں ہے۔علاوہ ازیں سہراب گوٹھ کے علاقے میں پولیس کے ساتھ مقابلے میں دو ڈاکو ہلاک جبکہ تین فائرنگ کے تبادلے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ دونوں ڈاکو اپنے تین ساتھیوں کے ہمراہ سپر ہائی وے پر گنامنڈی کے نزدیک لوٹ مار کر رہے تھے۔