لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش، ٹانک میں چھت گرنے سے ماں، بیٹا جاں بحق
لاہور+ فیصل آباد + ٹانک (نامہ نگاران+نمائندہ خصوصی+ آن لائن) صوبائی دارالحکومت اور فیصل آباد سمیت کئی شہروں میں گزشتہ روز بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا، ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے سردی کی لہر دوڑ اٹھی جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہوگیا جبکہ ٹانک میں بارش کے باعث گھر کی چھت گرنے سے ماں بیٹا جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد شہر اور اس کے گردونواح میں گزشتہ 48 گھنٹوں سے مسلسل بادل چھائے رہنے اور وقفے وقفے سے بارش کے باعث موسم ایک بار پھر سرد ہوگیا جبکہ خوشگوار موسم کو بھرپور انداز میں منانے کیلئے بڑوں کے ساتھ ساتھ بچے بھی پارکوں میں پہنچ گئے اور کھیل کود اور جھولے لینے میں مصروف دکھائی دئیے۔ حاصل پور سے نامہ نگار کے مطابق سبزی منڈی میں آسمانی بجلی گرنے سے بیوپاری شدید زخمی ہوگیا۔ ملازم حسین دکان پر کھڑا تھا کہ اچانک اس پر آسمانی بجلی گر پڑی جس کے نتیجے میں دکان کی چھت زمین بوس ہوگئی جس کے نیچے آکر بیوپاری ملازم حسین شدید زخمی ہوگیا جسے بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال داخل کروا دیا گیا۔شاہ پور صدر سے نامہ نگار کے مطابق پانچویں روز بھی مسلسل بارش کے باعث شاہ پور صدر میں نظام زندگی متاثر ہوکر رہ گیا۔ سرکاری دفاتر اور کچہری میں سرکاری ملازمین کی حاضری کم رہی۔ عام کاروبار بھی ٹھنڈے پڑگئے۔ لوگوں کو آمدورفت کے سلسلہ میں سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑا خصوصاً طلباء وطالبات کو اپنے امتحانی مراکز تک آنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ منڈی بہائو الدین سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گرد و نواح میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آ گئے اور کچے اور زیر تعمیر مکان شدید متاثر ہوئے۔ بہاولپور سے نامہ نگار کے مطابق بہاول پور اور اسکے گردنواح میں موسلادھار بارش کے باعث بجلی کا نظام متاثر ہوا جس کی وجہ سے کئی گھنٹے بجلی غائب رہی۔ میڑک کا پیپر دینے والے طلبہ اور طالبات کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ نشیبی علا قے زیرآب آ گئے۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق سیالکوٹ میں بارش کا سلسلہ جاری رہا اور وقفہ وقفہ سے جاری اس بارش کی وجہ سے موسم سرد ہوگیا ہے۔ ادھر ٹانک کے علاقے این آر کے گائوں خیر علی خان میں ایک گھر کی چھت گر گئی جس کے باعث ایک شخص کفایت اللہ کی بیوی اور اسکا 7 سالہ بیٹا ہدایت جاں بحق ہو گئے