سینٹ الیکشن میں مذہب کا بھی کردار‘ الیاس چنیوٹی کا پرویزرشید کو ووٹ دینے سے گریز
لاہور(مبشر حسن/نیشن رپورٹ) پنجاب میں سینٹ الیکشن پر اثر انداز ہونے والے دیگر عناصر کے علاوہ مذہب نے بھی کردار ادا کیا۔ مسلم لیگ ن کے ایم پی اے الیاس چنیوٹی نے وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کو مذہبی طور پر متنازع سمجھتے ہوئے ان کے حق میں ووٹ دینے سے انکار کردیا۔ الیاس چنیوٹی نے پارٹی قیادت کو پولنگ سے ایک روز قبل ہی پرویزرشید پر اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا۔ الیاس چنیوٹی نے ’’دی نیشن‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بدھ کے روز پارٹی اجلاس کے دوران میں نے وزیراعلیٰ کے ایڈیشنل سیکرٹری کو کہا تھا کہ وہ وزیراعلیٰ کو میرا پیغام پہنچا دیں کہ وہ میرا پینل تبدیل کردیں کیونکہ میں پرویزرشید کو ووٹ نہیں دے سکتا۔ انہوں نے بتایا کہ رانا ثناء اللہ نے بھی مجھے پرویزرشید کو ووٹ دینے پر قائل کرنے کی کوشش کی مگر میں نے انکار کردیا۔ انہوں نے کہا کہ میری درخواست پر میرا پینل بدل دیا گیا اور میں نے ڈاکٹر غوث کو ووٹ دیا۔ مسلم لیگ ن کے ارکان جمال لغاری، میاں طاہر پرویز نے بھی قیادت کے ساتھ بات چیت کرکے ساجد میر کو ووٹ دینے سے گریز کیا اور راجہ ظفرالحق کو ووٹ دیا۔ ان دونوں کو اعتراض تھا کہ ساجد میر کا تعلق دوسری جماعت سے ہے۔