• news

بیورو کریسی مفادات کیلئے اکنامک کوریڈور کا روٹ بدلنا چاہتی ہے: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر اور نومنتخب سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت جوڈیشل کمشن کے قیام کا وعدہ پورا کرے اور پی ٹی آئی اسمبلیوں میں واپس آئے، ملک سے استحصالی نظام اور سٹیٹس کو کے خاتمہ کیلئے سب کو ملکر کام کرنا ہوگا۔ جماعت اسلامی ملک سے سٹیٹس کو کے خاتمہ کیلئے 5 اپریل سے ملک گیر رابطہ عوام مہم شروع کرے گی۔ جنرل انتخابات کی طرز پر عوام کو براہ راست سینیٹرز کے انتخاب کا موقع ملنا چاہئے۔ مرکزی حکومت بجلی کی مد میں خیبر پی کے کے 375 بلین کی رقم صوبے کو ادا کرے۔ بیوروکریسی اپنے مفادات کیلئے کاشغر گوادر اکنامک کوریڈور کا روٹ تبدیل کرنا چاہتی ہے جو کالا باغ ڈیم کی طرح قومی ترقی و خوشحالی کے اس بڑے منصوبہ کو متنازع بنانے کی سازش ہے، چین نے عوامی مفاد کے اس اہم منصوبے کے روٹ میں کسی قسم کی تبدیلی نہ کرنے کا عندیہ دیا ہے۔  مرکز اسلامی پشاور میں خطبہ جمعہ کے بعد  صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کو پریشانی اور مایوسی کے اندھیروں سے نکالنے کیلئے جماعت اسلامی ہر محاذ پر لڑیگی، رابطہ عوام مہم کوتمام چھوٹے بڑے شہروں اور دیہات تک پھیلائیں گے اور سٹیٹس کو کیخلاف عوام کو جدوجہد کیلئے تیار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پی کے  کے عوام کاشغرسے گوادر اکنامک کوریڈور میں کسی قسم کی تبدیلی کے خلاف ہیں، ماضی میں اس طرح کے تجربات سے ملک کو سخت نقصان کا سامنا کرنا پڑا اور قومی ترقی کے کئی منصوبے تنازعات کی نذر ہوئے۔ انہوں نے مرکزی حکومت کو متنبہ کیا کہ چائنا گوادر روٹ میں کسی قسم کی تبدیلی نہ کی جائے اور حکومت اس منصوبے کے متعلق شکوک و شبہات کو فوری ختم کرے۔ انتخابی اصلاحات کمیٹی نے اب تک کوئی قابل ذکر کام نہیں کیا جس کی وجہ سے سینٹ کے انتخابات میں بھی بریف کیسوں کی سیاست والوںنے اپنا کھیل کھیلنے کی کوشش کی۔

ای پیپر-دی نیشن