• news

سرفراز ہیرو بن گئے، مینجمنٹ حوصلہ افزائی کرے: قومی ٹیم آئرلینڈ کیخلاف بھی کامیابی کیلئے میدان میں اترے: سابق کرکٹرز

لاہور (نمائندہ سپورٹس) قومی کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کے خلاف کامیابی پر سابق ٹیسٹ کرکٹرز نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑیوں نے پروٹیز کے خلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اب کوارٹر فائنل کی راہ آسان ہو گئی ہے۔ سابق کپتان جاوید میانداد نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم فیورٹ ہے اور ایسی ٹیم کیخلاف کامیابی حاصل کرنا بہت بڑی فتح ہے۔ انہوں نے خاص طور وکٹ کیپر سرفراز احمد کی کارکردگی کو سراہا اور ٹیم منیجمنٹ کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے کہا کہ سرفراز کو پہلے میچز میں باہر بٹھانا زیادتی تھی۔ وقار یونس کو پریس کانفرنس سے بھاگنے کی بجائے سوالات کے جوابات دینے چاہئیے تھے۔ انہیں سرفراز کے حوالے سے حوصلہ افرائی کرنی چاہئیے تھی۔ انکے روئیے سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ سرفراز کی کارکردگی سے خوش نہیں ہیں۔ سابق آف سپنر ثقلین مشتاق نے کہا کہ قومی ٹیم ردھم ہی آ گئی ہے۔ فاسٹ بائولرز نے اچھی کارکردگی کامظاہرہ کیا ہے۔ سرفراز نے بلے بازی کے بعد وکٹ کیپنگ میں 6 کیچ پکڑ کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ آئندہ میچز میں بھی کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھنا ہو گا۔ آئرلینڈ کو بھی شکست دینا ہوگی۔ سابق فاسٹ فائولر اور کوچ محمد اکرم نے کہا ہے فاسٹ بائولر نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ ورلڈ کپ جیتنے کے لئے پرعزم ہیں۔ آئندہ بھی حکمت عملی کے تحت میدان میں اترنا ہو گا۔ سرفراز احمد کو جب بھی موقع ملا ہے اس نے اپنی اہلیت کو ثابت کیا ہے۔ سابق فاسٹ بائولر عامر نذیر نے کہا کہ مصباح الحق ہی ہر بار مرد میدان ہوتا ہے مگر افریقہ کے خلاف سرفراز نے آغاز سے اچھا کھیل کر قومی ٹیم سے دبائو کم کیا تھا مگر بعد میں مڈل آرڈر کامیاب نہیں رہا۔ بلے بازوں کو شارٹ سلیکشن پر غور کرنا ہو گا۔ تینوں فاسٹ بائولرز نے تین تین وکٹیں حاصل کر کے اپنی اہلیت کو ثابت کیا ہے۔ ٹارگٹ مشکل نہیں تھا مگر پاکستانی بائولنگ کی بدولت پروٹیز ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ ریگولر وکٹ کیپر کھیلانے کا فائدہ ہوا۔ ٹیم مینجمنٹ کو پتہ چل چکا ہو گا۔ سرفراز نے 6کیچ پکڑ کر سب کو حیران کر دیا ہے۔ وقار یونس کو میدان سے بھاگنے کی بجائے سوالات کے جوابادت دینے چاہئیے تھے۔ کسی کھلاڑی کو ذاتی مفاد کی بنا پر ٹیم سے باہر نہ بٹھایا جائے۔ کوچ وقار یونس کہتے تھے سرفراز کی اوپننگ تکنیک ٹھیک نہیں وہ 49 رنز کیسے بنا گئے۔ پہلے میچز میں سرفراز کو کھیلایا جاتا تو ان کے نتائج بھی مختلف ہو سکتے تھے۔ سرفراز نے ہی جنوبی افریقہ کے خلاف قومی ٹیم کو فتح سرفراز کیا ہے

ای پیپر-دی نیشن