رائیونڈ: کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار خاندان گر گیا، ٹرالے نے کچل ڈالا، ماں3 بچوں سمیت ہلاک
لاہور، رائیونڈ، مانگا منڈی، شیخوپورہ (نامہ نگاران) لاہور، شیخوپورہ اور رائیونڈ میں حادثات کے دوران 3 بچوں سمیت ماں اور 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق تیز رفتار کار نے سائیڈ مار کر موٹرسائیکل سوار فیملی کو گرا دیا۔ پیچھے سے آنے والا تیزرفتار ٹرالر پانچ افراد کو روندتا ہوا گزر گیا۔ ماں تین بچوں سمیت موقع پر ہلاک ہو گئی۔ عینی شاہدین نے ٹرالے کو روک کر ڈرائیور کو بھاگنے سے پہلے قابو کر لیا اور مار مار کر بھرکس نکال دیا۔کنڈیکٹر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ مظاہرین نے سڑک بلاک کر دی۔ سندر پولیس دو گھنٹے بعد موقع پر پہنچی، خطرناک حادثہ کا شکار بدقسمت افراد کلارک آباد کے رہائشی بھٹہ مزدور گلزار کے بیوی بچے تھے۔ مرنے والوں میں پروین، اللہ رکھی، مہک اور دائود شامل ہیں۔گلزار کے ہمراہ لاہور دادا حنیف کو ملنے کیلئے جا رہے تھے۔گلزار کو زخمی حالت میں ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔ پولیس چوکی سندر نے ٹرالر کو قبضہ میں ڈرائیور کو حراست میں لے لیا۔ علاوہ ازیں واپڈا ٹائون میں تیزرفتار کار نے دو نوجوان محنت کش 2 دوستوں کو کچل کر ہلاک کر دیا جبکہ ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کر دیں۔ بتایا جاتا ہے پاکپتن کے رہائشی دو نوجوان ولید اور علی رضوان پنجاب سوسائٹی میں ایک ڈیپارٹمنٹل سٹور میں کام کرتے تھے گذشتہ روز دونوں کام سے فارغ ہونے کے بعد موٹرسائیکل پر واپڈا ٹائون کے قریب سے گزر رہے تھے تیزرفتار کار نے ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں دونوں شدید زخمی ہو گئے۔ ڈرائیور کار چھوڑ کر موقع سے فرار ہو گیا۔ دونوں زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں دونوں زخموں کی تاب نہ لاتے دم توڑ گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی دونوں ورثاء دھاڑیں مارتے روتے ہوئے ہسپتال پہنچ گئے۔ مزید برآں شیخوپورہ کے نامہ نگار خصوصی اور جھبراں کے نامہ نگار کے مطابق فیصل آباد روڈ بھکھی کے قریب ایک تیزرفتار ٹرک کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہو گئے۔ ذیشان، بلال اور اعجاز موٹرسائیکل پر شیخوپورہ آ رہے تھے بھکھی کے قریب ٹرک کو اوورٹیک کرتے ہوئے اس سے ٹکرا گئے جس سے ذیشان اور بلال موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ اعجاز شدید زخمی ہو گیا جس کو ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچایا گیا۔ ڈاکٹروں کی کوششوں کے باوجود اعجاز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ ٹرک ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔