پانی بحران سنگین‘ جنگی بنیادوں پر بڑے ڈیم تعمیر کئے جائیں: ارسا
اسلام آباد (آن لائن) ارسا نے پانی کے بحران کی پیشگی وارننگ دیتے ہوئے حکومت سے کہا ہے کہ وہ ملک کے سارے ترقیاتی پروگرام 5 سال کے لئے بند کر دیں اور قومی ترجیح کے طور پر جنگی بنیادوں پر یہ رقم بڑے ڈیموں کی تعمیر پر خرچ کریں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق انڈس واٹر سسٹم اتھارٹی نے نام نہیں بتایا کہ کونسے ڈیم تعمیر کرنے چاہئیں تاہم یہ نشاندہی کی کہ کم از کم 22 ملین ایکڑ فٹ کا ذخیرہ ہونا چاہئے اور اس کو فوری طور پر تعمیر کرنا چاہئے۔ ارسا کے چیئرمین راکب خان نے سیکرٹری پانی و بجلی کو اپنے لکھے خط میں کہا ہے کہ بحران کو ختم کرنے کے لئے پی ایس ڈی پی کو 5 سال کے لئے منجمد کر لینا چاہئے اور عوام کے بہتر مفاد کے لئے ترجیحی بنیادوں پر بڑے ڈیمز تعمیر کرنے چاہئیں یہ خط ارسا کے اجلاس کے بعد جاری کیا گیا جس میں 5 ارکان نے شرکت کی تاہم سیکرٹری واٹر اینڈ پاور سے جب پوچھا گیا کہ آیا حکومت پی ایس ڈی پی کے فنڈز منجد کر رہی ہے سیکرٹری واٹر اینڈ پاور یونس داغا نے کہا کہ انہوں نے ابھی تک مذکورہ خط نہیں دیکھا۔