بحریہ ٹائون اور کے الیکٹرک کے درمیان اربوں روپے کے منصوبے میں اشتراک کا معاہدہ
دبئی (خصوصی رپورٹ) بحریہ ٹائون کے سربراہ ملک ریاض حسین کی جانب سے کراچی کو دنیا کے صف اول کے شہروں میں شامل کرنے کے عہد پر پیشرفت سامنے آئی ہے۔ کراچی کی بجلی کی صورتحال کے پیش نظر بحریہ ٹائون اور کے الیکٹرک نے اربوں روپے کے منصوبے میں اشتراک کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔ بحریہ ٹائون کی جانب سے وائس چیف ایگزیکٹو زین ملک جبکہ کے الیکٹرک کی جانب سے چیف ایگزیکٹو طیب ترین نے معاہدوں پر دستخط کئے۔ اس موقع پر چیئرمین بحریہ ٹائون ملک ریاض حسین، چیئرمین کے الیکٹرک تابش گوہر اور چیف ایگزیکٹو بحریہ ٹائون احمد علی ریاض ملک بھی موجود تھے۔ ان معاہدوں کی رو سے کراچی کے شہریوں کو بلاتعطل اور یقینی بجلی کی فراہمی میں مدد ملے گی۔ معاہدے کے تحت بحریہ ٹائون اور کے الیکٹرک آئندہ تین چار سال کے دوران اربوں روپے کی سرمایہ کاری کر کے کوئلے یا ایل این جی سے بجلی کی پیداوار کے مختلف پراجیکٹس پر کام کرینگے اس کے ساتھ ساتھ بجلی کی تقسیم کیلئے جدید ٹیکنالوجی متعارف کرائی جائے گی۔ ملک ریاض حسین نے کے الیکٹرک کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بحریہ ٹائون پرعزم ہے کہ وہ کراچی کو دنیا کے عظم ترین شہروں میں شامل کرنے کیلئے عملی کردار ادا کرتا رہے گا۔ بحریہ ٹائون منصوبوں سے لاکھوں افراد کو بہترین روزگار منافع بخش کاروبار کے مواقع میسر ہو رہے ہیں۔ مجھے رب العزت پر یقین ہے کہ بحریہ ٹائون میں 8 لاکھ نمازیوں کی گنجائش کے ساتھ گرینڈ جامع مسجد، گالف کورس، تھیم پارک، نائٹ سفاری، یونیورسٹی، ہاسپٹل، شاپنگ مال جیسی خوشگوار تبدیلیوں سے کراچی میں معاشی اور معاشرتی انقلاب آئے گا اور لاکھوں لوگوں کو روزگار مہیا ہونے کی بدولت یقینا امن وامان کی صورتحال بھی بہتر ہو گی صرف 8 ماہ میں بحریہ ٹائون کراچی میں قبضے کا آغاز ہمارے وعدوں کی پاسداری کا عملی ثبوت ہے۔ میرا عہد ہے کہ انشاء اللہ کراچی کو نئی آب وتاب سے دنیا کے نقشے پر اجاگر کرنا ہے۔