• news

پاکستان کو کوارٹر فائنل میں پہنچنے کیلئے آئرلینڈ کو لازمی شکست دینا ہو گی انگلینڈ آج بنگلہ دیش کیخلاف بقا¿ کی جنگ لڑیگا

آکلینڈ (سپورٹس رپورٹر) عالمی کپ ٹورنامنٹ میں گروپ بی کے میچز دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گئے۔ بھارتی ٹیم چار میچ کھیل کر گروپ میں پہلے نمبر پر موجود ہے جبکہ اس کے دو میچ ابھی باقی ہیں۔ بھارت نے 10 مارچ کو آئرلینڈ اور 14 مارچ کو زمبابوے کیخلاف کھیلنا ہے۔ ایک میچ میں بھی کامیابی کی صورت میں بھارت کوارٹر فائنل مرحلے میں رسائی حاصل کر لیگا۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم 6 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ اسکا آخری میچ 12 مارچ کو متحدہ عرب امارات کی ٹیم کے ساتھ ہے جس کی بنا پر اس کے بھی کوارٹر فائنل میں پہنچنے کے امکانات روشن ہیں۔ گروپ بی کی اگلی دو ٹیموں کیلئے پاکستان، آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ پاکستان ٹیم کیلئے کوارٹر فائنل مرحلہ تک رسائی کیلئے 15 مارچ کو آئرلینڈ کیخلاف کھیلے جانیوالے میچ میں ہر صورت کامیابی ضروری ہے، دوسری صورت میں اسے وطن واپسی کا سفر کرنا پڑ سکتا ہے۔ آئرلینڈ کی ٹیم بھی گروپ میں چھ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ اگر بھارت یا پاکستان کیخلاف ہونیوالے کسی ایک میچ میں کامیابی حاصل کر لیتی ہے تو اسکے کوارٹر فائنل میں پہنچنے کے امکانات روشن ہو جائیں گے۔ دوسری طرف ویسٹ انڈیز ٹیم 4 پوائنٹس کیساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔ اسکا آخری میچ 15 مارچ کو متحدہ عرب امارات کے ساتھ ہے۔ اگر ویسٹ انڈیز اس میچ میں کامیابی حاصل کر لیتی ہے تو اسکے اور پاکستان کے درمیان رن ریٹ کی بنیاد پر کوارٹر فائنل میں رسائی کا فیصلہ ہوگا۔ ادھر گروپ اے میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 10 پوائنٹس کے ساتھ کوارٹر فائنل مرحلہ کیلئے اپنی جگہ پکی کر چکی جبکہ آسٹریلیا، سری لنکا، انگلینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان بھی سخت مقابلہ ہے۔ گزشتہ روز سری لنکا کو ہرانے کے بعد آسٹریلیا کے کوارٹر فائنل مرحلہ میں رسائی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔ اب سری لنکن ٹیم کو اپنے آخری لیگ میچ میں سکاٹ لینڈ کیخلاف لازمی کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔ اس گروپ میں انگلینڈ کی ٹیم 2 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے۔ اگر وہ بنگلہ دیش اور افغانستان کیخلاف اپنے دونوں میچز میں کامیاب ہو جاتی ہے تو 6 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر پہنچ جائیگی۔ بنگلہ دیش ٹیم 5 پوائنٹس کے ساتھ گروپ اے میں چوتھے نمبر پر ہے اور اس نے آج 9 مارچ کو انگلینڈ جبکہ 13 مارچ کو نیوزی لینڈ کے خلاف ابھی دو میچ کھیلنے باقی ہیں۔ دریں اثنا آج 33 واں میچ انگلینڈ اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا۔ پاکستانی وقت کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان میچ صبح ساڑھے 8بجے شروع ہوگا۔
گروپ بی/ دلچسپ مرحلہ

ای پیپر-دی نیشن