لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش‘ تاندلیانوالہ میں دیوار گرنے سے تین بچے جاں بحق‘ شیخوپورہ میں چھت کے ملبے تلے دب کر خاتون دم توڑ گئی
لاہور + تاندلیانوالہ + اسلام آباد (نامہ نگار + سٹاف رپورٹر + نامہ نگاران + ایجنسیاں) صوبائی دارالحکومت سمیت کئی شہروں میں گزشتہ روز شدید بارش اور ژالہ باری ہوئی جس کے باعث کئی شہروں میں فصلوں کو شدید نقصان ہوا، تیز ہوا اور آندھی کے باعث کئی درخت اور بجلی کے پول گر گئے، تاندلیانوالہ میں گھر کی دیوار گرنے سے 3 بچے جاں بحق اور ایک بچہ شدید زخمی ہوگیا۔ شیخوپورہ میں مکان کی چھت گرنے سے خاتون جاں بحق جبکہ اس کی 6 ماہ کی بچی زخمی ہوگئی۔ جبکہ چکوال میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص دم توڑ گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور اور اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں وقفے وقفے سے بارش اور ژالہ باری ہوتی رہی، ملکہ کوہسار نے پھر سفید چادر اوڑھ لی، ایبٹ آباد میں پانچ سال بعد برف باری ہوئی۔ سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ آئندہ کئی گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ ملک کے بیشتر حصوں میں بارش جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری جبکہ پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔ علاوہ ازیں لاہور میں وقفہ وقفہ سے ہونے والی بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب، مختلف شاہراہوں پر ٹریفک جام رہا جبکہ وارڈن ڈیوٹی سے غائب رہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا جبکہ مال روڈ سے ملحقہ سڑکوں پر بھی ٹریفک جام رہا اس کے ساتھ ساتھ مغل پورہ سے دھرم پورہ بھی کافی دیر تک ٹریفک جام رہی۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق پنڈ مریدکے میں بارشوں کے باعث خستہ حالت چھت گرنے سے ملبہ تلے دب کر ماں جاں بحق جبکہ 6 ماہ کی بچی شدید زخمی ہوگئی۔ سکینہ بی بی اپنی بیٹی بسمہ افتخار کے ہمراہ کمرہ میں تھی کہ اچانک چھت گر گئی جس سے سکینہ بی بی موقع پر جاں بحق جبکہ اس کی 6 ماہ کی بیٹی زخمی ہوگئی۔ پھول نگر سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گردونواح میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا اور سردی کی شدت بھی بڑھ گئی۔ بارش کے باعث گلیاں اور بازار کیچڑ سے بھر گئے۔ خانقاہ ڈوگراں سے نامہ نگار کے مطابق موسلادھار بارش سے گلیاں نالے بھر گئے۔ صفائی ستھرائی کا کام نہ ہونے کی وجہ سے پانی گھروں میں گھس گیا۔ لوگ گھروں سے نکالتے رہے۔ الٰہ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق موسلادھار بارش سے گلیاں اور بازار پانی سے بھر گئے۔ ژالہ باری سے فصلوں کو شدید نقصان پہنچا۔ سکھےکی سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گردونواح میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہوئی۔ نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہوگیا۔ جبکہ گندم کی تیار فصل کو نقصان کا خدشہ ہے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق شہر اور گردونواح میں تیز بارش اور مختلف دیہات میں ژالہ باری کے باعث موسم سرد ہوگیا۔ متعدد نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کامونکے سے نامہ نگار کے مطابق موسلادھار بارشوں اور ژالہ باری کے نتیجہ میں خستہ حال مکانوں کی بوسیدہ چھتیں ٹپکنا شروع ہوگئیں۔ جبکہ گلیاں اور بازار جوہڑ کا منظر پیش کرنے لگے۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کے باعث سردی واپس لوٹ آئی۔ جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ فیروز والا سے نامہ نگار کے مطابق برکت ٹاﺅن شاہدرہ میں دکان کی چھت گرنے سے تین افراد زخمی ہوگئے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے تاندلیانوالہ میں دیوار گرنے سے 3 بچوں کے جاں بحق ہونے پر لواحقین سے غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق بارش کے باعث زیر تعمیر مکانوں کی دیواریں گرنے سے چار افراد زخمی ہوگئے۔ چکوال سے نامہ نگار کے مطابق چوآگنج شاہ سر میں محمد آصف مویشیوں کے لئے کھیت میں چارہ بنا رہا تھا کہ اچانک بجلی گرنے سے دم توڑ گیا۔ ادھر تاندلیانوالہ میں بارش اور آندھی کے باعث ایک مکان کی کچی دیوار گر گئی جس کے نیچے دب کر ایک ہی خاندان کے3 بچے جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ 412 گ ب کے قریب بچے مدرسے سے باہر نکل کر گھر آرہے تھے کہ ایک مکان کے پاس سے گزرتے ہوئے ان کے اوپر کچی دیوار گر گئی جس کے نیچے آکر 5 سالہ پروین 6 سالہ حسنین اور شہریار جاں بحق ہوگئے جبکہ سلمان زخمی ہوا۔ زخمی بچے نے گھر جاکر گھر والوں کو اطلاع دی جنہوں نے تینوں بچوں کو جاکر نکالا تاہم وہ مٹی تلے دب کر جاں بحق ہوچکے تھے۔ دینہ سے نامہ نگار کے مطابق دینہ کے قریب جی ٹی روڈ پر تیز رفتار کار بارش کی پھسلن کے باعث الٹ گئی جس کے باعث 3 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ ٹوبہ ٹےک سنگھ سے نامہ نگارکے مطابق بارش اور تیز ہواﺅں کے باعث شہر مےں سٹرےٹ لائٹس کے پول ،بجلی کے کھمبے، درخت اور ہورڈنگ بورڈز اکھڑ گئے، جس کی وجہ سے بجلی کی نظام درہم برہم ہوگےا۔ اوکاڑہ چھاﺅنی سے نامہ نگار کے مطابق اوکاڑہ چھاﺅنی میں تیز ہواﺅں کے سبب بجلی کا نظام باربار متاثر ہوا۔ ملک وال سے نامہ نگار کے مطابق طوفانی بارش اور ژالہ باری کے باعث متعدد گھروں کی دیواریں گرگئیں اور سائن بورڈز اکھڑ گئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ آئندہ 24سے48گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ پیرمحل سے نامہ نگار کے مطابق بارش اور ژالہ باری سے گندم کی فصل تباہ اور ٹیلی فون اور بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہوکر رہ گیا۔ شدید ژالہ باری سے بڑے پیمانے پر گندم کی فصل تباہ ہوگئی۔چنیوٹ سے نامہ نگار کے مطابق شدید ہواﺅں کی وجہ سے متعدد سائن بورڈ اور درخت زمین سے اکھڑ گئے۔ آئی این پی کے مطابق چترال میں برف باری نے سردی کو بڑھا دیا۔ لواری ٹنل دیر اور چترال سائیڈ پر مختلف مقامات پر برفانی تودے گرنے سے متعدد گاڑیاں پھنس گئیں۔