تکنیکی‘ قانونی وجوہات : بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا ممکن نہیں : الیکشن کمشن حکام
اسلام آباد (آصف بشیر چودھری+ دی نیشن رپورٹ) بعض تکنیکی اور قانونی وجوہات کی بنا پر الیکشن کمشن کا کہنا ہے کہ بیرون ملک مقیم 5.5 ملین پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا قابل عمل نہیں ہے۔ اس سے قبل پارلیمانی پینل نے یہ ہدایت کی تھی کہ سری لنکا اور بھارتی ماڈلز سے رہنمائی لی جائے۔ الیکشن کمشن نے اس حکومتی ڈرافٹ بل پر رائے دی ہے جس کا مقصد انتخابات میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے انتظامات کرنا تھا، حکومت یہ بل سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں لے کر آئی تھی۔ ایک پارلیمانی پینل نے حال ہی میں الیکشن کمشن سے رائے لی اور اس بنیاد پر قانون سازی مو¿خر کر دی کہ یہ منصوبہ فی الحال قابل عمل نہیں۔ الیکشن کمشن کے ڈی جی (لیگل) عبدالرحمن نے حال ہی میں ارکان پارلیمنٹ کو بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کی سپریم کورٹ میں دائر کردہ آئینی درخواست میں اوورسیز پاکستانیوں کو انتخابی عمل میں شامل کرنے کے حوالے سے 4 تجاویز دی ہیں، ان میں ووٹ دینا، پراکسی ووٹنگ میکانزم، مختلف مقامات/ پولنگ سٹیشنگز بنانا، الیکٹرونک ووٹنگ کیلئے سفارتخانوں میں عمارات حاصل کرنا شامل ہے۔ اب تک بیرون ملک 5.5 ملین پاکستانیوں کے پاس شناختی کارڈ (NICOP) ہیں۔ سعودی عرب میں 1.9 ملین پاکستانی مقیم ہیں۔ پی پی رہنما سینیٹر جہانگیر بدر کا کہنا ہے کہ کمشن اس معاملے پر ہوم ورک نہیں کر سکتا اسے اس معاملے پر عوامی سماعت کے ذریعے رائے لینی چاہئے۔ اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ کئی بیرون ممالک اتنی تعداد میں پاکستانیوں کو اکٹھا نہیں ہونے دینگے۔