پاکستان سمیت دنیا بھر میں خواتین کا عالمی دن بھرپور طور پر منایا گیا
لاہور + واشنگٹن (لیڈی رپورٹر + نمائندہ خصوصی + ایجنسیاں) پاکستان سمیت دنیابھرمیں خواتین کاعالمی دن جوش وخروش سے منایاگیا۔ اس حوالے سے صوبائی دارالحکومت میں خواتین کے حقوق کی تنظیموں، سیاسی ومذہبی جماعتوںکے زیراہتمام تقریبات ہوئیں۔ عالمی دن کی مرکزی تقریب محکمہ ویمن ڈویلپمنٹ پنجاب کے زیراہتمام ایوان اقبال میں ہوئی۔ وزےراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشرےف اس کے مہمان خصوصی تھے۔مختلف شہروں میں سماجی و سیاسی حلقوں نے تقریبات کا انعقاد کر کے خواتین کے کردار کو اجاگر اور ان کی صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ صدر ممنون، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، امیر جماعت اسلامی سراج الحق، سابق صدر آصف علی زرداری، الطاف حسین سمیت دیگر سیاسی رہنماﺅں نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر خواتین اور ان کی صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرنے کےلئے پیغامات دیئے، سماجی حلقوں نے خواتین ڈے پر امتیازی سلوک ختم کرنے اور خواتین پر بے جا پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ لاہور، کراچی، کوئٹہ، پشاور، فیصل آباد سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بھی خواتین ڈے منایا گیا۔ خواتین ڈے پر صدر ممنون حسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی معاشرے میں خواتین کا کردار اہم ہے، خواتین مردوں کے شانہ بشانہ ہر فیلڈ میں کام کر رہی ہیں، خواتین کے بغیر کوئی معاشرہ و ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ خواتین ڈے پر تقریبات میں امتیازی سلوک ختم کرنے اور خواتین پر بے جا پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ خواتین ڈے کے موقع پر ان خواتین کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا اور ثابت کیا کہ پاکستانی خواتین کسی سے کم نہیں، ہمارے معاشرے میں عورت کا مقام ا±س مقام سے کہیں منفرد اور مختلف ہے جو اسے مغرب میں حاصل ہے۔ سیاست کی بات ہو تو مسلم دنیا کی پہلی خاتون سربراہِ مملکت اور دختر مشرق کا لقب بے نظیر بھٹو نے پایا، قومی اسمبلی کی اٹھارہویں اور پاکستان کی پہلی خاتون سپیکر بننے کا اعزاز فہمیدہ مرزا نے حاصل کیا۔ پاکستان کی پہلی خاتون وزیر خارجہ حنا ربانی کھر بنیں، نوبل امن ایوارڈ حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی ہیں، دنیا کی کم عمر ترین آئی ٹی پروفیشنل کا اعزاز پاکر جہان فانی سے کوچ کر جانےوالی ارفع کریم رندھاوا بھی پاکستان کا روشن ستارہ ہیں، معیشت کے میدان میں سٹیٹ بینک کی 14ویں اور پاکستان کی پہلی خاتون گورنر ڈاکٹر شمشماد اختر کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں تو دنیا کی سب سے بلند چوٹی ماﺅنٹ ایورسٹ سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما ثمینہ بیگ اور پاکستان کی پہلی خاتون فائٹر پائلٹ عائشہ فاروق ایسی خواتین ہیں جو ناصرف پاکستان کی 51 فیصد کا بلکہ 18 کروڑ لوگوں کا مان اور فخر ہیں۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ خواتین تبدیلی اور ترقی کی محافظ ہیں، تحریک انصاف خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے سرگرم عمل ہے۔ قائم مقام سپیکر پنجاب اسمبلی سردار شیر علی خان گورچانی نے کہا کہ پنجاب حکومت نے عملی طور پر خواتین کو معاشی خودمختاری اور قانونی تحفظ دے کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ حکومت پنجاب سنجیدگی سے خواتین کے مسائل حل کرنے کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے ، ملکی ترقی کے لئے ضروری ہے کہ خواتین کے خلاف امتیازی رویہ ختم کیا جائے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ اے این پی ہمیشہ سے خواتین اور مردوں کی برابری پر یقین رکھتی ہے اور خواتین کوعملی سیاست میں کردار ادا کرنے کےلئے تیار کرنے کا سہرا فخر افغان باچا خان کے سر ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ممنون حسین نے کہا کہ حکومت خواتین کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے کوشاں ہے دنیا بھر میں خواتین کی اپنے حقوق کے لئے جدوجہد قابل ستائش ہے محترمہ فاطمہ جناح پاکستانی خواتین کے لئے مشعل راہ ہیں۔ کرپشن ملک ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے ملک سے کرپشن ختم کئے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ معاشرہ کرپٹ افراد کو تنہا چھوڑ دے اور کرپشن میں ملوث افراد کا سماجی بائیکاٹ کر دے۔ خواتین کے عالمی دن پر اقوام متحدہ کے اعلیٰ اہلکاروں نے بیجنگ ڈکلیئریشن اور پلیٹ فارم فار ایکشن کو تاریخی روڈ میپ قرار دیا ہے۔ اس حوالے سے اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹرز میں تقریب ہوئی۔ اقوام متحدہ نے صنفی مساوات کے حصول اور امتیازات کے خاتمہ کے لئے مزید اقدامات پر زور دیا۔ سیکرٹری جنرل بانکی مون نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے لئے مزید تیز تر اقدامات کی ضرورت ہے۔
خواتین عالمی دن