تشدد کا نشانہ بننے والی خواتین کو فوری انصاف کی فراہمی کیلئے خصوصی مراکز قائم ہونگے : شہباز شریف
لاہور (خبرنگار+ لیڈی رپورٹر) وزےراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشرےف نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر خواتین کو سماجی اور معاشی طورپر مزید بااختیار بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مقصد کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ خواتین کی ترقی کے لئے ان کی مشاورت سے مزید قانون سازی کی جائے گی، پالیسیاں بنائی جائیں گی، اقدامات کئے جائیں گے تاکہ وہ بھی ترقی یافتہ ممالک کی خواتین کے ہم پلہ ہوں، اپنے ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے وہی کردار ادا کریں جو ترقی یافتہ ممالک کی خواتین کر رہی ہیں۔ معاشرے کے ارتقاءاور زندگی کے ہر شعبہ میں خواتین نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ حصول تعلیم کے بعد خواتین کو گھروں میں بیٹھنے کی بجائے میدان عمل میں آنا ہوگا۔ میرا یقین ہے کہ خواتین ملکی ترقی کے لئے میدان عمل میں نکلیں گی تو پاکستان بین الاقوامی برادری میں کھویا ہوا مقام ضرور حاصل کرے گا۔ خواتین میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے اسے ملک و قوم کی بہتری کے لئے استعمال کرنا ہے۔ پنجاب حکومت نے 2012ءسے 2015ءتک خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے تاریخی نوعیت کے انقلابی اقدامات کئے ہیں تاہم ابھی بہت کچھ کرنا ہے۔ خواتین کو اب ہر صورت مردوں کے شانہ بشانہ کام کرنا ہوگا۔ خواتین کا کردار انتہائی اہمیت کاحامل ہے، آپ سب نے اسے قومی ذمہ داری سمجھ کر نبھانا ہے۔ وزیراعلیٰ نے تشدد کا نشانہ بننے والی خواتین کو فوری انصاف کی فراہمی کے حوالے سے خصوصی مراکز قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ ان مراکز میں تمام فرائض خواتین سر انجام دیں گی، پہلا خصوصی مرکز ملتان میں قائم کیا جا رہا ہے جہاں پولیس، پراسکیویشن، میڈیکل اور فرانزک سہولتیں ایک ہی جگہ پر دستیاب ہوں گی۔ ےہ پہلا اور منفرد مرکز ہوگا جو خواتین کی شکایات کے فوری ازالے کے لئے مستقل نظام وضع کرنے کے راستے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ پنجاب حکومت کے تحت کام کرنے والے تمام فیصلہ ساز بورڈز اور کمیٹیوں میں خواتین کو 33فیصد نمائندگی دےنے کا فیصلہ کےا ہے اس اقدام کی بدولت تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین فیصلہ سازی کے عمل میں شامل ہو رہی ہیں، سرکاری اداروں میں بھرتی کے لئے مقررکی جانے والی ہر کمیٹی میں ایک خاتون ممبر کا ہونا لازم قرار دیا گیا ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار ایوان اقبال میں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزراءبیگم ذکیہ شاہنواز، حمیدہ وحید الدین، صوبائی وزیر ویمن ڈیلپمنٹ بلوچستان میر اظہار خان کھوسہ، ایم این اے شائستہ پرویز ملک، خواتین ارکان اسمبلی، پاکستان میں ڈیفڈ کے کنٹری ہیڈ رچرڈ منٹگمری، اقوام متحدہ کے کنٹری ڈائریکٹر برائے ویمن جمشید قاضی اور خواتین کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا میڈیکل ایجوکیشن ہو یا انجینئرنگ یا کوئی اور شعبہ تعلیم، قوم کی بچیاں بچوں سے بہت آگے نکل چکی ہیں اس کا مشاہدہ میں نے لیپ ٹاپ کی تقسیم اور پوزیشن ہولڈرز طلبا و طالبات کے اعزاز میں تقریبات میں کیا۔ پنجاب حکومت نے خواتین کا وراثت میں حق یقینی بنانے، ان کے حقوق کے تحفظ، سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ 15فیصد دینے سمیت متعدد انقلابی اقدامات کئے ہیں، ملائیشیا، ترکی، ایران اور دیگر کئی ایک اسلامی ممالک میں خواتین نے مردوں کے شانہ بشانہ کام کر کے اپنے ممالک کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ ان ممالک کی خواتین نے ڈاکٹر، انجینئر، بینکرز، ماہرین، بیوروکریٹس بن کر مردوں کے شانہ بشانہ کام کر کے اپنے ملکوں کی تاریخ بدل ڈالی ہے۔ پاکستانی خواتین کو بھی میدان عمل میں آکر کردار ادا کرنا ہوگا۔ پنجاب حکومت نے خواتین کی ترقی کے لئے پہلے بھی اقدامات کئے ہیں، آئندہ بھی کئے جائیں گے۔ اس مقصد کے لئے انہوں نے کمیٹی تشکیل دےنے کا اعلان کیا۔ پنجاب میں ملک کی تاریخ کا منفرد پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ قائم کیا گیا ہے۔ اس فنڈ کا حجم 12ارب روپے تک پہنچ چکا ہے۔ دانش سکول سسٹم حکومت پنجاب کا ایک اور انقلابی اقدام ہے۔ میرٹ کی بنیاد پر اربوں روپے کی لاگت سے پوزیشن ہولڈرز طلبا و طالبات کی حوصلہ افزائی کے پروگرام جاری ہیں، انہیں شفاف انداز میں لیپ ٹاپ بھی دئےے جا رہے ہیں، اخوت تنظیم کے ذرےعے صوبے کی لاکھوں خواتین کو اپنے پاﺅں پر کھڑا کرنے کے لئے چھوٹے قرضے فراہم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میڈیکل کالجوں اور تعلیمی اداروں میں سیلف فنانس سکیم کا خاتمہ کر کے میرٹ کو ترجیح دی ہے۔ ہم نے سیلف فنانس سکیم اور کوٹہ سسٹم کا یکسر خاتمہ کیا، دہشت گردی اور انتہاپسندی نے عالم اسلام کو بدنام کیا، پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بندوق کی گولی کے ساتھ تعلیم، صحت، انصاف ، بے روزگاری اور غربت کے خاتمے اور وسائل کے منصفانہ تقسیم کی گولیاں بھی ضروری ہےں۔ کس قدر افسوس کی بات ہے کہ مسلمان مسلمان کا گلا کاٹ رہا ہے اور اسلام کے نام پر خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے، عوام اور پوری قیادت ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کرنے کا عزم کر چکی ہے، انشاءاﷲ ہماری کاوشیں رنگ لائیں گی۔ پنجاب کے نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کے لئے برطانیہ کے ادارے ڈیفڈ کے اشتراک سے سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کا دائرہ پورے پنجاب میں پھیلایا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر بہبود آبادی ذکیہ شاہنواز نے کہاکہ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب کی حکومت نے خواتین کی فلاح کے لئے لائق تحسین اقدامات کئے ہیں۔ ڈیفڈ کے کنٹری ہیڈ رچرڈ منٹگمری نے کہاکہ حکومت پنجاب نے فروغ تعلیم اور خواتین کی ترقی کے لئے شاندار اقدامات کئے جس کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف مبارکباد کے مستحق ہیں۔کنٹری ڈائریکٹر اقوام متحدہ جمشید قاضی نے کہاکہ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب کی حکومت نے خواتین کو با اختیار بنانے کے حوالے سے بہترین قانون سازی کی ہے اور خواتین کی ترقی کے لئے جرا¿ت مندانہ اقدامات کئے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ خان جمالی کے بھائی میر عبدالرحمن جمالی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے صاحب طرز اور مقتدر شاعر ظفر اقبال کو گلدستہ بھیجا ہے۔ ظفر اقبال آج کل علیل ہیں اور اپنے گھر پر آرام کر رہے ہیں۔ انہوں نے ظفر اقبال کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
شہبازشریف