سلمان تاثیر قتل کیس، ممتاز قادری کی اپیل کا فیصلہ آج سنایا جائے گا
اسلام آباد(آن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر قتل کیس میں گرفتار ممتاز قادری اپیل کیس کا فیصلہ (آج) پیر کو سنایا جائے گا۔ عدالت میں ممتاز قادری کی جانب سے سابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ خواجہ محمد شریف اور جسٹس (ر) میاں نذیر اختر جبکہ وفاق کی جانب سے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد میان عبدالرئوف عدالت میں پیش ہوں گے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ جسٹس نورالحق این قریشی اور جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر قتل کیس میں گرفتار ملک ممتاز قادری کی انسداد دہشت گردی کی عدالت سے ہونے والے سزائے موت کیخلاف اپیل پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ ممتاز قادری کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سلمان تاثیر قتل کیس میں موت کی سزا سنائی تھی جسے درخواست گزار نے عدالت عالیہ میں چیلنج کیا تھا۔ کیس کے فیصلہ کے موقع پر سکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے جسکے تحت ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے سکیورٹی خدشات کے باعث اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔ ہائیکورٹ کی طرف سے آنے والے تمام داخلی و خارجی راستوں کو بلاک کردیا جائے گا اور عدالت کے اردگرد قائم عمارتوں پر کمانڈوز تعینات کئے جائیں گے۔