مالی : اقوام متحدہ کے بیس پر30 راکٹ فائر، اہلکار اور2 بچے ہلاک
بماکو (بی بی سی + اے ایف پی) مالی کے شمال میں واقع اقوام متحدہ کے بیس اور بیرکوں پر30 راکٹ فائر کئے گئے امن فوج کا ایک اہلکار اور 2 بچے ہلاک اور امن مشن میں شامل 8 اہلکار زخمی ہو گئے۔ بیرکوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ اقوام متحدہ کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق امن فوج کا اہلکار اس وقت ہلاک ہوا جب مالی کے قصبے کیدال میں اقوام متحدہ کے دفتر پر راکٹ داغے گئے۔ چند راکٹ اپنے ہدف کو نشانہ بنانے میں ناکام رہے تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ حملہ کس نے کیا؟ اطلاعات کے مطابق اس علاقے میں شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ (داعش) کے جنگجو متحرک ہیں۔ دوسری جانب شدت پسند تنظیم القاعدہ سے تعلق رکھنے والے ایک گروہ نے گذشتہ روز ہونے والے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے جس میں غیر ملکیوں سمیت پانچ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ الجیریا سے تعلق رکھنے والے شدت پسند رہنما مختار بن مختار نے بوکوحرام میں واقع شراب خانے پر ہونے والے اس حملے کو ’’مغرب کے خلاف انتقامی آپریشن‘‘ قرار دیا ہے۔