• news

دیہی علاقوں کی خواتین غلاموں جیسی زندگی بسر کر رہی ہیں: الطاف حسین

لندن (نیٹ نیوز) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ہم ملک میں خواتین کیلئے زندگی کے ہر شعبے میں مساوی حقوق چاہتے ہیں اور ان کے ساتھ کیے جانے والے ہر قسم کے امتیاز کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ خواتین معاشرے کا لازمی اور بنیادی جزو ہیں جن کے بغیر معاشرے کی تکمیل نہیں ہو سکتی۔ بدقسمتی سے اکیسویں صدی کے جدید دور میں بھی پاکستان کے دیہی علاقوں میں خواتین غلاموں جیسی زندگی بسر کر رہی ہیں جنہیں کبھی غیرت اور کاروکاری کے نام پر قتل کیا جاتا ہے تو کبھی ونی جیسی فرسودہ رسومات کی بھینٹ چڑھایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم خواتین کے ساتھ ہونے والے مظالم اور زیادتیوں کا خاتمہ چاہتی ہے اور اس کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن