• news

نوازشریف کی گیلانی سے ملاقات‘ سیاسی صورتحال پر گفتگو‘ سٹیج پر اپنے ساتھ بٹھایا ائیرپورٹ کی نئی عمارت بننے پر مبارکباد معاشی ترقی کیلئے پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے، گیلانی

ملتان (آن لائن) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی، وزیر اعظم نے ملتان میں ائیر پورٹ کی نئی عمارت مکمل ہونے پر یوسف رضا گیلانی کو مبارکباد دی ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف ملتان ائیر پورٹ کی نئی عمارت کا افتتاح کرنے کیلئے پہنچے جہاں وزیر اعظم نواز شریف نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی جس میں ملک کی سیاسی صورت حال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر وزیر اعظم نے یوسف رضا گیلانی کو ملتان ائیر پورٹ کی نئی عمارت مکمل ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ آپ نے اس نئی عمارت کی بنیاد رکھی تھی اور آج ہم اس نئی عمارت کا افتتاح کرنے آئے ہیں، یہ سلسلہ ایسے ہی جاری رہنا چاہیے جس سے ملک کو ترقی سے کوئی نہیں روک سکتا۔ ملاقات کے بعد وزیر اعظم نواز شریف نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کا ہاتھ پکڑ کر سٹیج پر لے گئے اور اپنے ساتھ بٹھایا۔دریں اثناء میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سابقہ حکومت کے منصوبوں کو دوسری جماعت کی حکومت کے دوران تکمیل اچھی روایت ہے، ملکی و معاشی ترقی کیلئے پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے۔ ماضی میں یہ روایت رہی ہے کہ ایک حکومت کے شروع کئے گئے منصوبوں کو دوسری جماعت برسراقتدار آ کر ختم کر دیتی جس سے جہاں منصوبوں کے تخمینہ لاگت میں اضافہ ہو جاتا اور ترقی کا عمل متاثر ہوتا ہے۔ میں نے وزیراعظم سے کہا کہ ملکی معیشت کے استحکام اور ترقی کیلئے پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے اور ان کی اس بات سے وزیراعظم نے اتفاق کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن