اسلام میں جوا کھیلنا حرام ہے معین خان کو کسینو جانے پر سزا ملنی چاہئے: سردار یوسف
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) وفا قی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کا کہنا ہے کہ سینٹ الیکشن سے متعلق دوسری جماعتوں سے بات چیت جاری ہے، مولانا فضل الرحمن کے تحفظات مل بیٹھ کر دور ہوسکتے ہیں۔ اسلام میں جوا کھیلنا اور جوئے خانے جانا حرام ہے۔ معین خان کے کسینو جانے پر ان کو سزا دی جانی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ قاسمیہ رتہ روڈ گوجرانوالہ میں وفاق المدارس کے زیر اہتمام 70فی صد سے زائد نمبر حاصل کرنے والے طلبا و طالبات میں حکومت کی طرف سے سولر پینلز اور شیلڈز تقسیم کر نے کیلئے آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ان کا کہنا تھا کہ سینٹ الیکشن کے حوالے سے اتحادی اور دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات چیت کا عمل جاری ہے، پی ٹی آئی کے ممبران سینٹ سے منتخب ہوئے اب انہیں چاہیے کہ جس مقصد کے لیے ان کو منتخب کیا گیا ہے وہ اپنے فرائض بہترطریقے سے سرانجام دیں۔ پاکستان میں نہ تو داعش کا کوئی وجود ہے اور نہ ہی کوئی ایسا مدرسہ ہے جہاں پر دہشت گردی کی تعلیم دی جا رہی ہے، ورلڈ کپ کے حوالے سے سردار محمد یوسف کاکہنا تھاکہ دعاگو ہیں کہ پاکستان ورلڈ کپ جیت کر آئے، معین خان کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہاکہ اسلام میں جواء کھیلنا اور جوئے خانہ جانا حرام ہے قو می کر کٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر کسینو جانے کا اعتراف کر چکے ہیں اس لئے ان کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔ قبل ازیں جامعہ قاسمیہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کہ حکومت تعلیمی ریفارمز لا رہی ہے جس کے تحت مدارس میں دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ دنیاوی تعلیم اور سکولوں‘ کالجز اور یونیورسٹیز میں دنیاوی تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم دی جائے گی موجودہ دور میں عصری تعلیم بھی وقت کی اہم ضرورت ہے اسلام کے پیغام کو پھیلانے میں دینی مدارس کا کردار فراموش نہیں کیا جا سکت۔ اسلام آباد میں نماز کا ایک وقت مقرر کرنے پر کام کیا جا رہا ہے اور علماء سے مشاورت جاری ہے۔