2750 کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے والے بیلسٹک میزائل شاہین تھری کا کامیاب تجربہ
راولپنڈی(نوائے وقت نیوز + ایجنسیاں) پاکستان نے طویل فاصلے پر مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین 3 کا کامیاب تجربہ کیا ہے، زمین سے زمین تک مار کرنے والا بیلسٹک میزائل شاہین 3 ہر قسم کے روایتی اور ایٹمی وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے شاہین 3 میزائل 2 ہزار 750 کلو میٹر تک اپنے ہدف کو باآسانی نشانہ بناسکتا ہے۔ تجربے کے موقع پر مسلح افواج کے اعلیٰ افسر، سٹرٹیجک پلانز ڈویژن کے حکام، میزائل کی تیاری سے منسلک سائنسدان اور ماہرین بھی موجود تھے۔ سٹریٹجک پلانز ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل زبیر محمود حیات نے وطن عزیز کے دفاع میں تاریخی سنگ میل عبور کرنے پر منصوبے میں شامل سائنسدانوں اور انجینئرز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہماری مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ میزائل تجربے سے پاکستان کی کم از کم دفاعی صلاحیت مضبوط ہوگی۔ صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نوازشریف نے بھی شاہین 3 بیلسٹک میزائل کے کامیاب تجربے پر ماہرین کو مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لئے کسی چیز پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔