خیبر پی کے عوام کو تحفظ کے بنیادی حق سے محروم کیا جارہا ہے:شیریں مزاری
اسلام آباد (صباح نیوز) تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیریں مزاری نے وفاقی حکومت کی جانب سے خیبرپی کے کے عوام کو تحفظ کے بنیادی حق سے محروم کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مرکزی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انکا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن)‘ تحریک انصاف کو نشانہ بنانے کیلئے عام شہریوں کی جانوں سے کھیل رہی ہے جبکہ دنیا کے کسی بھی مہذب جمہوری معاشرے میں اس قسم کے مجرمانہ اور غیر انسانی اقدامات کو برداشت نہیں کیا جاتا۔ خیبرپی کے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں مرکزی محاذ کی حیثیت کا حامل ہے اورسب سے زیا دہ جانوں کے نذرانہ پیش کر چکا ہے۔ مرکزی میڈیا سیل کی جانب سے جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ اپریل 2014ء میں وزیراعظم نے سکیورٹی مقاصد کیلئے خیبرپی کیکیلئے چین سے 4 سکینرز کی درآمد کی منظوری دی جن کی مجموعی لاگت 1 ارب تھی۔ آزمائشی طور پر 2اسکینرز منگوائے گئے مگر خیبرپی کے کو فراہم کرنے کی بجائے ایک سندھ دوسرا اسلام آباد میں نصب کر دیا گیا۔ بقیہ دو سکینرز تاحال وفاقی حکومت کی تحویل میں پڑے ہیں۔ اگر صوبائی حکومت کو مذکورہ سکینرز بروقت فراہم کر دیے جاتے تو آرمی پبلک سکول اور امام بارگاہ پر حملوں کی کوششوں کو ناکام بنایا جا سکتا تھا۔ محض تحریک انصاف کو نشانہ بنانے کیلئے وفاقی حکومت کا سکینرز کو بلاوجہ اپنی تحویل میں رکھنا انتہائی شرمناک ہے۔جنوری 2015ء میں انسداد منشیات فورس نے ان دو اسکینرز کے حصول کیلئے وزارت داخلہ کو خط تحریر کیا۔