اشرف غنی نے افغان مہاجرین کی واپسی کیلئے جامع پلان تشکیل دیدیا
پشاور (نوائے وقت رپورٹ) گورنر خیبر پی کے مہتاب عباسی کی زیرصدارت افغان مہاجرین کی واپسی کے سلسلے میں اجلاس ہوا جس میں پاکستان اور افغان حکام نے شرکت کی۔ افغان وفد کی قیادت وزیر مہاجرین سید حسین عالمی بلخی نے کی۔ افغان وزیر نے آرمی پبلک سکول سانحے پر اظہار افسوس کیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ پرویز خٹک، وزیر سفیران عبدالقادر بلوچ اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ گورنر خیبر پی کے نے کہا کہ مشکلات کے باوجود پاکستان نے 33 سال افغان مہاجرین کی خدمت کی۔ اپنی سرزمین پر کسی غیرقانونی باشندے کو برداشت نہیں کریں گے۔ نجی ٹی وی کے مطابق افغان صدر اشرف غنی نے پاکستان میں افغانستان کے مہاجرین کی واپسی کیلئے جامع پلان تشکیل دیدیا ہے اور افغان وزیر برائے مہاجرین نے اجلاس میں باضابطہ طور پر پاکستان کو آگاہ کردیا ہے۔ پاکستان نے غیررجسٹرڈ افغانیوں کو نکالنے کی بجائے ان کی ڈاکومنٹیشن کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ افغان وزیر نے بتایا کہ واپس آنیوالے مہاجرین کیلئے مراکز کے قیام کی نشاندہی کر دی گئی۔ گورنر خیبر پی کے نادرا، افغان کمشنریٹ اور افغان وزارت مہاجرین مل کر اسے قابل عمل بنائیں گی۔ وطن واپس لوٹنے والے افغان مہاجرین کیلئے سفری اخراجات بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔