اشرف غنی طالبان سے مذاکرات میں پاکستان پر بھروسہ نہ کریں: افغان رکن پارلیمنٹ
کابل (رائٹرز) افغانستان کے ایک سینئر قانون ساز نے طالبان سے امن مذاکرات میں پاکستان کی مدد پر انحصار کرنے کے حوالے سے افغان صدر اشرف غنی کو انتباہ کیا ہے۔ پارلیمنٹ کے ایوان بالا کے سپیکر فاضل ہادی مسلم یار نے کہا پاکستان ماضی میں افغانستان میں لڑنے والوں کی مدد کرتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا میں افغانستان میں امن اور استحکام کی حمایت کرتا ہوں لیکن مجھے امن مذاکرات پر پاکستان کی ایمانداری پر یقین نہیں۔ اشرف غنی کو لازمی طور پر ضمانت لینا ہو گی کہ طالبان کے امن مذاکرات کی طرف آنے کے بعد پاکستان افغانستان میں موجود دیگر عسکریت پسندوں کو پراکسی کے طور پر استعمال نہیں کریگا۔ افغانستان کے سابق نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر سپانٹا نے بھی کہا ہے کہ میں امن مذاکرات کی پیشرفت کی حمایت کرتا ہوں لیکن اس میں پاکستان کے کردار پر تحفظات رکھتا ہوں۔ پاکستان طالبان کے پیچھے سرگرم رہا ہے۔ یہی بات مجھے زیادہ پرامید ہونے سے روکتی ہے۔ دوسری طرف اشرف غنی کے ترجمان کے مطابق پاکستان کی جانب سے حالیہ پیغامات اور اقدامات اس بات کی طرف اشارہ کر رہے ہیں کہ وہ افغانستان میں امن اور استحکام کیلئے پرعزم ہے۔