• news

پاکستانی معیشت نے اہم اہداف حاصل کر لئے‘ 3 سال میں مزید بہتری ہو گی: آئی ایم ایف

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے مشن چیف برائے پاکستان ہیرالڈ فنگر نے کہا ہے کہ پاکستانی معیشت کی بہتری پر خوش ہوئے ہیں۔ گزشتہ چند ماہ کے دوران پاکستانی معیشت نے اہم اہداف حاصل کئے ہیں، آئندہ تین سال میں پاکستانی معیشت مزید بہتر ہوجائیگی۔ موجودہ حکومت کی کوششوں سے ملکی معیشت کی بہتری سے بہت متاثر ہوا ہوں۔ انہوں نے وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر آئی ایم کے ڈائریکٹر مسعود احمد اور نمائندہ برائے پاکستان توقیر مرزا بھی موجود تھے۔ ہیرالڈ فنگر نے کہا پاکستانی معیشت کی بہتری حکومت کی فنانس ٹیم کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے جو مستقبل میں مزید بہتر ہوگی۔ آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر مسعود احمد نے کہا گزشتہ 18 ماہ کے دوران پاکستانی معیشت نے جو بہترین رخ اختیار کیا ہے وہ قابل تحسین ہے۔ موجودہ حالات سے پاکستانی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔ ٹیکس نظام میں بہتری سے معیشت مزید مضبوط ہوگی۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان آئی ایم ایف کے تعاون سے 6.64 بلین ڈالر کے مختلف منصوبوں پر کام کر رہا ہے، یہ منصوبے پاکستان کو مزید مضبوط بنائیں گے۔ انہوں نے توانائی اور دیگر شعبوں میں پیش آنے والی مشکلات سے وفد کو آگاہ کیا اور بتایا کہ حکومت 10 ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے چین سمیت مختلف ممالک کے تعاون سے شروع کررہی ہے، دہشت گردی نے پاکستانی معیشت کو 100بلین ڈالر کا نقصان پہنچایا، دہشت گردی کیخلاف جنگ کے دوران 50,000 پاکستانی شہری شہید ہوئے جن میں5000 فوجی کے جوان شامل ہیں۔ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے سلسلے میں بھرپور اقدامات کررہا ہے، آپریشن ضرب عضب اسکی مثال ہے۔ پاکستان کو قبائلی علاقوں کے متاثرین کی بحالی کا مسئلہ بھی درپیش ہے کیونکہ قبائلی علاقوں میں دہشت گردی کیخلاف آپریشن کے باعث لاکھوں قبائلی گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہوئے ہیں، غربت کے خاتمے کیلئے بے نظیر اِنکم سپورٹ پروگرام 50 لاکھ غریب افراد کو 4.8 ملین خرچ کر رہی ہے۔ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کیا، پٹرولیم مصنوعات پر عائد جی ایس ٹی کم کیا گیا ہے۔ پاکستان کے موجودہ اثاثے 16 بلین ڈالر تک پہنچ چکے ہیں، اسے 17ملین ڈالر تک پہنچانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے خصوصی اقدامات کررہی ہے۔ وزیر خزانہ نے کہاکہ پاکستان نے آئی ایم ایف کے تمام اہداف پورے کئے۔ دریں اثنا عالمی مالیاتی فنڈ سے رواں ماہ پاکستان کو قرضے کی مد میں51 کروڑ ڈالر ملنے کا امکان ہے، آئی ایم ایف مشن قرضے کی منظوری کیلئے مارچ کے آخر میں ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں رپورٹ پیش کریگا۔ بوڑد کی جانب سے ساتویں قسط کے اجرا کی منظوری کے بعد آئی ایم ایف کے ایکسٹینڈ فیسلیٹی پروگرام کے تحت پاکستان کو قرضے کی مد میں 51 کروڑ 80 لاکھ ڈالر ملنے کا امکان ہے۔ واضح رہے پاکستان آئی ایم ایف سے قرضے کی مد میں چھ ماہ کے دوران تین ارب تین کروڑ ڈالر وصول کرچکا ہے۔آئی ایم ایف کے وفد نے ملاقات کے دوران وزیر خزانہ پر زور دیا کہ پاکستان ٹیکس بنیاد کو وسیع کرے، سرمایہ کاری نظام بہتر بنائے اور مسابقتی معیشت کو فروغ دے۔

ای پیپر-دی نیشن