دہشت گردی اور دیگر چیلنجز کے مقابلے کیلئے آگے بڑھ کر لڑنا ہماری روایت ہے، عوام کے تعاون سے ملک میں امن لائیں گے: آرمی چیف
کاکول (آن لائن) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ قوم کے تعاون سے امن اور سکیورٹی جیسے چیلنجوں سے نمٹیں گے، دہشت گردی اور دیگر چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے آگے بڑھ کر لڑنا ہماری روایت ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق منگل کو پی ایم اے کاکول کے دورے کے دوران آرمی چیف نے اس ادارے کو قیادت کا مرکز قرار دیا اور نوجوان افسروں کو ہدایت کی کہ وہ کردار، حوصلے اور عزم کے ساتھ اپنے آپ کو تیار کریں کسی قسم کے مشکل چیلنجوں سے حائف نہ ہوں، بھرپور تربیت اور تیاری پر توجہ دیں، قوم کی مدد سے ہم ملک میں امن اور سلامتی لائینگے۔ آرمی چیف نے جنرل آپریشنز کے دوران قیادت کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ آگے سے حملہ کرنا ہماری روایت ہے اور اسی طرح ہی ہم دہشت گردی کی لعنت کا خاتمہ اور دیگر چیلنجوں کا مقابلہ کرینگے۔ آرمی چیف نے آپریشن کے دوران افسروں کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہا۔دریں اثناء آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے امریکی خصوصی نمائندے ڈینئل فیلڈمین نے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقائی سلامتی کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی نمائندہ خصوصی نے افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستانی کوششوں کو سراہا۔