• news

تحریک انصاف کو اسمبلی میں لانے کیلئے ڈپٹی چیئرمین سینٹ کا عہدہ دیا جائے: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ مسائل کے حل کی چابی اسلام آباد میں ہے، جب تک اسلام آباد میں انقلاب نہیں آتا، اٹھارہ کروڑ عوام کی حالت نہیں بدلے گی، عام آدمی کے مسائل کے حل کے لیے ملک کو نظام مصطفیٰؐ کی ضرورت ہے، گورنر اور وزرائے اعلیٰ ہائوسز میں مغل شہزادے بیٹھے ہیں جنہیں عوام کی پریشانیوں سے کوئی سروکار نہیں۔ ملک کو ایٹم بم سے بھی زیادہ اچھی قیادت کی ضرورت ہے۔ قومی یکجہتی، کشمیر کی آزادی اور غربت، مہنگائی اور بے روزگاری کے مسائل کے خاتمہ کے لیے باکردار قیادت کا انتخاب ضروری ہے۔ شریعت کے قوانین چوروں، لٹیروں، رسہ گیروں اور قاتلوں کے لیے سخت جبکہ عوام کے لیے نرم ہوتے ہیں۔ ہری پور میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ وزیراعظم کی طرف سے پیپلز پارٹی کے امیدوار رضا ربانی کے چیئرمین سینٹ کی حمایت خوش آئند ہے۔ ہم اس اتفاق رائے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں وسیع پیمانے پر مفاہمت کی سیاست کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ اس کے لیے میں وزیراعظم کو مشورہ دیتاہوں کہ وہ تحریک انصاف کو اسمبلیوں میں لانے کے لیے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا عہدہ پی ٹی آئی کو دیا جائے۔ سراج الحق نے کہاکہ اب وقت ہے کہ سیاسی جماعتیں نفرتوں کی بجائے محبت کو فروغ دیں اور مل کر ملک کو بحرانوں سے نجات دلائیں۔ لوگ سیاسی قیادت سے سخت مایوس ہیں، عوام کا اعتماد بحال کرنے کے لیے ان کے مسائل کیے جائیں۔ سراج الحق نے کہاکہ سینیٹ انتخابات میںممبران اسمبلی نے ضمیر کے سوداگروں کی کوششوں کو ناکام بنا کر سیاسی پختگی کا ثبوت دیا ہے۔ ہم اقتدار میں آ کر ملک کو دنیا کی ترقی یافتہ، خوشحال ریاست بنائیں گے۔ 

ای پیپر-دی نیشن