پنجاب حکومت نے گھی، خوردنی تیل کی قیمتوں میں 15 روپے کلو کمی کردی
لاہور (خصوصی رپورٹر) پٹرول اور ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر بناسپتی گھی اور خوردنی تیل کے تمام برانڈز کی موجودہ قیمتوں میں 15 روپے فی کلو گرام / لیٹر کمی کا حکم نامہ جاری کیاگیاہے جبکہ اس ضمن میں نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیاہے جو فوری پر نافذ العمل ہوگا۔ حکم نامہ پر عملدرآمد نہ کرنے والے کو 3 سال قید اور ایک لاکھ روپے تک جرمانہ کیاجائے گا۔یہ بات اشیائے ضروریہ کی قیمتو ں میں کمی پر عملدرآمد کمیٹی کے چیئرمین رانا ثناء اللہ نے گزشتہ روز 90۔ شاہراہ قائداعظم پر گھی کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وزیر خوراک بلال یاسین، ممبر صوبائی اسمبلی زعیم حسین قادری اور سیکرٹری صنعت داؤد احمد بھی موجود تھے۔ رانا ثناء اللہ نے کہاکہ حکومت نے اس بار منافع خور مافیا کو سخت ہاتھ ڈالا ہے۔انہوںنے کہاکہ وزیراعلیٰ نے عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے مستقل کمیٹی تشکیل دی ہے جو وزیراعلیٰ کی عوام دوست پالیسی کا مظہر ہے۔ رانا ثناء اللہ نے کہاکہ عالمی منڈی میں چند ماہ سے پام آئل کی قیمت میں 150 ڈالر فی ٹن سے زائد کمی واقع ہوئی ہے جس سے بناسپتی گھی اور خوردنی تیل کی پیداواری لاگت میں کم از کم 18 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوںنے عوام سے درخواست کی کہ وہ اس دکاندار کی اطلاع فوری متعلقہ ڈی سی او، اسسٹنٹ کمشنر کو ٹال فری نمبر 0800-2345 پر دیکر ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔مزید برآں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پچھلے 7 ماہ میںگھی تیار کرنیوالے صنعتکاروں نے پام آئل کی بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتیں گرنے کے باوجود گھی کی قیمتوں میں کمی نہیںکی جس سے انہوں نے ماہانہ ڈھائی ارب روپے ماہانہ صارفین سے وصول کئے۔ انہوں نے کہا کھاد کی فی بوری قیمت میں 200 روپے اضافے کا حکومت نوٹس لے گی۔ بلدیاتی الیکشن کروانا الیکشن کمشن کی ذمہ داری ہے الیکشن کمشن حکومت کو جو حکم کریگا پنجاب حکومت اس پر عمل کریگی۔