لیاقت آباد: کچن میں گیس لیکیج سے آتشزدگی، خاتون ہلاک، شوہر زخمی
لاہور (نامہ نگار) لیاقت آباد کے علاقہ میں باورچی خانے میں گیس لیکج کی وجہ سے آگ لگنے سے دو بچیوں کی ماں جھلس کر ہلاک جبکہ بیوی کو بچاتے ہوئے شوہر بھی شدید زخمی ہوگیا۔ لیاقت آباد کے علاقہ بہار کالونی نیشنل چرچ والی گلی میں افتخار مسیح کی بیوی 42 سالہ روبینہ کچن میں چائے بنانے گئی۔ چولہا جلانے کیلئے ماچس جلائی تو گیس لیکج کی وجہ سے کچن میں آگ بھڑک اٹھی اور روبینہ کے کپڑوں میں آگ لگ گئی اور وہ جھلس کر شدید زخمی ہوگئی۔ روبینہ کی چیخ و پکار پر اسکا شوہر افتخار مسیح اسے بچانے کیلئے باورچی خانے میں گیا تو وہ بھی جھلس گیا۔ دونوں کو شدید زخمی حالت میں طبی امداد کیلئے ہسپتال لے جایا گیا جہاں روبینہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی جبکہ افتخار مسیح کی حالت بھی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔