• news

ہریانہ میں بھی گائے ذبح کرنے پر پابندی کا فیصلہ، خلاف ورزی پر سزائے موت ملے گی

چندی گڑھ (نیوز ڈیسک) نریندر مودی حکومت اور انتہا پسند ہندو تنظیموں کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے مہارا شٹر کے بعد بھارتی ریاست ہریانہ کی حکومت نے بھی گائے کے ذبیحہ پر مکمل پابندی لگانے کا فیصلہ کر لیا۔ ریاستی وزیر تعلیم رام ولاس شرما نے صحافیوں کو بتایا کہ ملک بھر میں گائے ذبح کرنے پر پابندی اور اس معصوم جانور کو تحفظ دینا وزیراعظم مودی کا خواب ہے ہم اپنی ریاست میں بھی اس خواب کو پورا کرنے جا رہے ہیں۔ گائے ذبح کرنے پر پابندی کے قانون کا بل ریاستی اسمبلی میں بجٹ اجلاس کے دوران پیش کیا جائے گا۔ قانون کے تحت ہریانہ بھر میں گائے ذبح کرنے اس کا گوشت یا اس کی مصنوعات لانے رکھنے پر مکمل پابندی ہو گی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کو قتل کے مجرم کی طرح دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کر کے گرفتار کیا اور سزائے موت دی جائے گی۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم مودی کو اس بات پر دکھ پہنچا تھا کہ گائے ہمارے دھرم میں مقدس ہے مگر بھارت گائے کے گوشت کا سب سے بڑا ایکسپورٹر ہے ہم اس جانور کو تحفظ دیں گے۔ واضح رہے ہریانہ میں بی جے پی حکومت کر رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن