سابق ضلعی امیر جماعت اسلامی گجرات ڈاکٹر احسان اللہ شاہ ٹریفک حادثے میں جاں بحق
گجرات +کھاریاں + لاہور (نامہ نگاران+ خصوصی رپورٹر+ خصوصی نامہ نگار) سابق ضلعی امیر جماعت اسلامی ضلع گجرات اور مرکزی رہنما ڈاکٹر سید احسان اللہ شاہ ٹریفک حادثہ میں انتقال کر گئے۔ ان کی نمازجنازہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کھاریاں میں پڑھائی۔ کھاریاں کی تاریخ کا سب سے بڑے نمازجنازہ میں جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما لیاقت بلوچ، فرید الحق پراچہ، حافظ اویس، ڈاکٹر عبداللہ گوہر، ایم این اے چودھری جعفر اقبال، ایم پی اے چودھری شبیر احمد اور سابق ایم پی اے چودھری ارشد سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ مرحوم ڈاکٹر احسان اللہ شاہ الخدمت فائونڈیشن پنجاب کے صدر سید ضیاء اللہ شاہ کے بڑے بھائی تھے۔ مرحوم نے پسماندگان میں 4 بیٹے اور دو بیٹیاں چھوڑی ہیں۔ وہ اسلام آباد ائرپورٹ سے واپس آ رہے تھے کہ جہلم میں ٹریفک حادثہ میں جاں بحق ہو گئے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ شہباز شریف نے جہلم کے قریب ٹریفک حادثے میں جماعت اسلامی کے رکن ڈاکٹر احسان شاہ کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور سوگوار خاندان سے ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ دے اور حادثے میں زخمی ہونے والے بچوں کو ہر ممکن طبی سہولتیں فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔جماعت اسلامی لاہور کے امیر میاں مقصود احمد،سیکرٹری جنرل عمیرخان ،ذکراللہ مجاہد،خلیق احمد بٹ، میاں محمد رفیع ،مشتاق مانگٹ، عبدالعزیز عابد،جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین دردانہ صدیقی ، ڈپٹی سیکرٹریزڈاکٹر حمیرا طارق، عائشہ سید، آمنہ عثمان، رعنا فضل، سابق سیکرٹریز عائشہ منور، ڈاکٹر کوثر فردوس، ڈاکٹر رخسانہ جبیں اور دیگر ذمہ داران نے ڈاکٹر سید احسان ا للہ شاہ کی موت پر انتہائی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ مرحوم کی کوششوں کو قبول فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔