واسا: پٹرول کی مد میں کروڑوں کی کرپشن، معاملہ نیب کو بھیجنے کا فیصلہ
لاہور (عدنان فاروق) واسا نے داتا گنج بخش ٹائون میں پٹرول کی مد میں کروڑوں روپے کی کرپشن کا معاملہ نیب کو بھیجنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ کرپشن کی تحقیقات کیلئے قائم کمیٹی آئندہ ایک ہفتے میں حتمی رپورٹ ایم ڈی واسا کے حوالے کر دیگی جس کے بعد ذمہ داروں سے ریکوری کیلئے معاملہ نیب کو بھیج دیا جائیگا۔ ایم ڈی واسا چودھری نصیر احمد نے نوائے وقت کو بتایا کہ انکوائری کمیٹی نے ڈائریکٹر داتا گنج بخش ٹائون مجید رضا وارثی، ایکسین سہیل اسلم سندھو، ایس ڈی او کرشن نگر چودھری شوکت، ایس ڈی او راوی روڈ صہیب بٹ سمیت پانچ افراد کیخلاف کرپشن کے الزام میں چارج شیٹ کیا ہے۔ واسا افسروں نے مبینہ طور پر کھڑی موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کے نمبرز پر بھی پٹرول اور ڈیزل کا خرچ ڈال دیا، یہ گاڑیاں اورموٹرسائیکلیں ناقابل استعمال تھیں۔ تقریباً تین کروڑ روپے مالیت کا ڈیزل اور پٹرول آئوٹ فال روڈ پر واقع سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ لاہور کے پٹرول پمپ سے ڈلوایا گیاتھا۔