افغان مہاجرین کی فضاکارانہ واپسی، مشترکہ فند ریزنگ مہم چلانے پر اتفاق
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) پاکستان اور افغانستان کی حکومتوں کے نمائندوں اور اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین نے ایک اجلاس میں پاکستان سے افغان مہاجرین کی رضا کارانہ واپسی کے اصول پر اتفاق کرتے ہوئیکہا ہے کہ افغان مہاجرین کی عزت اور وقار کے ساتھ افغانستان واپسی کیلئے کوشش کی جائیں گی۔ تینوں فریقوں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ افغان مہاجرین کی واپسی کیلئے مناسب ماحول پیدا کرنا ضروری ہے۔ پاکستان افغانستان اور اقوام متحدہ کے سہ فریقی کمشن کے اجلاس کے بعد جاری ہونیوالے بیان میں بتایا گیا ہے کہ سہ فریقی کمشن نے اس بات پر اتفاق کیا کہ افغان مہاجرین کی واپسی کیلئے مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے۔ دی نیشن کے مطابق پاکستان اقوام متحدہ کی ریفوجی ایجنسی (یو این ایچ سی آر) نے افغان مہاجرین کی افغانستان واپسی کیلئے مشترکہ فنڈ ریزنگ مہم چلانے پر اتفاق کیا ہے کیونکہ کوئی ملک تنہا طور پر ہزاروں مہاجرین کو نہیں رکھ سکتا۔ سہ فریقی کمشن کا 25 واں اجلاس ہوا جس میں افغان مہاجرین کی رضاکارانہ واپسی پر اتفاق ہوا۔ اس بات کی جانب توجہ دلائی گئی کہ آبائی علاقوں میں واپسی پر مہاجرین کو مالی طور پر مضبوط ہونا چاہئے۔ دریں اثناء وفاقی وزیر سیفران جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے دور کے سب سے طویل انسانی انخلا کی صورتحال سے نبردآزما ہے، عالمی برادری اس حوالے سے مکمل تعاون کرے۔ اسلام آباد میں پاکستان، افغانستان اور یو این ایچ سی آر کے پچیسویں اجلاس کے موقع پر خطاب کرنے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کی وطن واپسی کا عمل پائیدار اور زمینی حقائق کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ہونا چاہئے۔ اس حوالے سے وزارت یو این ایچ سی آر اور حکومت پاکستان کیساتھ ملکر افغان مہاجرین کیلئے جامع پالیسی ترتیب دے رہی ہے۔ افغان وزیر برائے مہاجرین سید حسین علیمی بلخی نے حکومت اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے لاکھوں لوگوں کی میزبانی کی، وسائل کی کمی کے باوجود پاکستان کے لوگوں نے ہمارے لوگوں کا خاص خیال رکھا۔ افغان وزیر کا مزید کہنا ہے کہ قومی اتحاد کی بنیاد پر جو افغانستان میں حکومت بنی ہے اس نے افغان مہاجرین کے معاملے پر اہم اقدامات کئے ہیں اس معاملے پر حکومت پاکستان سے بھی بات چیت ہوئی ہے اور یہ طے کیا ہے کہ نیشنل مائیگریشن بورڈ بنایا جائیگا۔ انسانی بنیادوں پر معاونت سے مہاجرین کی واپسی سے تمام تر معاملات حل ہوں گے، اس کیلئے مشترکہ کوششوں اور اقدامات کی ضرورت ہوگی۔ یو این ایچ سی آر کے پاکستان افغانستان نمائندوں مس مایا امیرانونگا اور مسٹر اینڈریکا رتواتی نے زور دیا ہے کہ 2015ء کا سال افغان مہاجرین کی واپسی اور ان کے مسائل کے حل کیلئے ایک بہترین موقع فراہم کر رہا ہے۔ ترقی پذیر ممالک سے اس طرح کے بوجھ ہٹانا ہوں گے۔