واپڈا ملازمین کا 2 ساتھیوں کے بجلی چوری روکنے پر قتل کیخلاف یوم احتجاج
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) واپڈا ملازمین نے اپنے دو ساتھیوں کو بجلی چوری روکنے پر قتل کئے جانے کیخلاف یوم احتجاج منایا۔ گزشتہ روز لاہور پریس کلب کے باہر آل پاکستان ہائیڈرو الیکٹرک لیبر یونین کے سینکڑوں مظاہرین نے احتجاج کیا اور ریلی نکالی۔ احتجاجی جلوس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ دوران ڈیوٹی واپڈا ملازمین کو قتل کرنے والے ملزمان فی الفور گرفتار کئے جائیں۔ ریلی کی قیادت بزرگ رہنما خورشید احمد، رانا عبدالشکور، حاجی یونس، رانا اکرم، شیخ شعیب، شفقت جاوید، ایم جاوید و دیگر نے کی۔ خورشید احمد نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وزیروں، مشیروں کو سکیورٹی دیدی جاتی ہے۔ اسی طرح واپڈا ملازمین کو بھی سکیورٹی دی جائے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اگر ملزمان کو جلد کیفر کردار تک نہ پہنچایا گیا تو ملک بھر میں ہڑتال کر دینگے۔