صولت مرزا کو مچھ جیل میں پھانسی کی تیاری مکمل، ٹوبہ میں قاتل کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا 5 مجرموں کے ڈیتھ وارنٹ جاری
کوئٹہ + کراچی+ ٹوبہ ٹیک سنگھ (نوائے وقت نیوز+ نامہ نگاران+ ایجنسیاں) قتل کے مجرم ایم کیو ایم کے کارکن صولت مرزا کی پھانسی سے متعلق سینٹرل جیل مچھ میں تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ جیل انتظامیہ کے مطابق صولت مرزا کو مچھ جیل کے ڈیتھ سیل منتقل کر دیا گیا۔ صولت مرزا کو پھانسی سے قبل مخصوص لباس پہنا دیا گیا۔ پھانسی دینے کے لئے جلاد کوئٹہ سے مچھ جیل پہنچ گیا۔ دوسری جانب صولت مرزا کی پھانسی رکوانے کے لئے اس کی بہن سمیرا نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے تاہم صولت مرزا کی پھانسی روکنے کیلئے درخواست پر سندھ ہائی کورٹ نے اعتراض لگا دیا جبکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 3 افراد کے قاتل سکیورٹی گارڈ صدیق کو پھانسی دیدی گئی۔ ننکانہ صاحب میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے قتل کے ایک مجرم جبکہ خصوصی عدالتوں نے فیصل آباد میں 2، کراچی اور سکھر میں ایک ایک مجرم کے ڈیتھ وارنٹ جاری کر دیئے۔ تفصیل کے مطابق تےن افرادکو قتل کرنے والے سکیورٹی گارڈ صدیق کو جمعرات کو صبح ساڑھے پانچ بجے ڈسٹرکٹ جےل ٹوبہ ٹےک سنگھ مےں پھانسی دے دی گئی۔ ادھر انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے تھانہ لالیاں کے مقدمہ نمبر 225/1998 بجرم 302 کے ملزمان محمد شریف اور مبشر کو 17 مارچ کو پھانسی دینے کے ڈیتھ وارنٹ جاری کر دیئے ہیں۔ ملزمان کو ڈسٹرکٹ جیل جھنگ میں پھانسی دینے کا حکم دیا گیا ہے۔ کراچی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے شفقت حسین کے 19 مارچ کیلئے ڈیتھ وارنٹ جاری کر دیئے۔ مجرم شفقت حسین نے 1997ءمیں سات سالہ بچے عمیر کو اغوا کر کے قتل کیا تھا۔ سنٹرل جیل میانوالی میں سزائے موت کے دو قیدیوں کو 17 مارچ، ایک کو 18 مارچ کو پھانسی دی جائے گی۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ننکانہ رانا نثار احمد خاں نے قتل کے ایک مجرم نواز کے ڈیتھ وارنٹ جاری کر دیئے، مجرم کو 17 مارچ کے روز سنٹرل جیل فیصل آباد میں پھانسی دی جائے گی۔
ڈیتھ وارنٹ/ جاری